سندھ کے محکمہ جیل خانہ جات میں 30 افسران کے 13 سال سے غیر قانونی طور پر عہدوں پر قابض ہونے کا انکشاف

جمعرات 30 جون 2022 18:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2022ء) سندھ کے محکمہ جیل خانہ جات میں 30 افسران کے 13 سال سے غیر قانونی طور پر عہدوں پر قابض ہونے کا انکشاف۔تفصیلات کے مطابق محکمہ جیل خانہ جات سندھ میں اہم عہدوں پر غیر قانونی تعیناتیاں کی گئی تھیں، جس کے بعد سے 30 افسران جیل خانہ جات میں اہم عہدوں پر غیر قانونی طور پر براجمان ہیں۔10 مئی کو سندھ ہائی کورٹ نے ان افسران کی تعیناتی کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود تاحال ان افسران نے عہدے نہیں چھوڑے، اور یہ افسران گریڈ 16 کی تنخواہیں اور مراعات حاصل کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق مذکورہ افسران 16 اگست 2010 کو سیاسی بنیادوں پر بھرتی کیے گئے تھے، اور گریڈ 14 میں بھرتی ہونے والے ان ملازمین کو نوازنے کے لیے پھر گریڈ 16 کے عہدے دیے گئے۔

(جاری ہے)

ضابطے کے مطابق گریڈ 16 کے عہدے پر سندھ پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرنے والے افسران کو ہی رکھا جاتا ہے، لیکن سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے با اثر افسران 13 سال سے اہم عہدوں پر قابض ہیں۔

اس معاملے پر سیکریٹری داخلہ، مشیر جیل خانہ جات اور آئی جی جیل خانہ جات کوئی بھی واضح مؤقف دینے سے قاصر نظر آ رہے ہیں، مشیر جیل خانہ جات اور آئی جی جیل خانہ جات نے معاملے پر کوئی مؤقف نہیں دیا۔ سیکریٹری داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ وہ آئی جی جیل سے بریفنگ کے بعد ہی اس معاملے پر بات کریں گے۔ذرائع کے مطابق سپرنٹنڈنٹس شنیل حسین دو عہدوں پر قابض ہیں، اس وقت ترجمان مشیر جیل خانہ جات اور ترجمان آئی جی جیل کے دو عہدے ان کے پاس ہیں۔

شنیل حسین شاہ نے رابطے پر بتایا کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ جن کے خلاف آیا ہے، ان میں میں بھی شامل ہوں، اس لیے مؤقف نہیں دوں گا۔غیر قانونی تعینات افسران میں سپرنٹنڈنٹ شنیل حسین شاہ، سپرنٹنڈنٹ منظور علی شاہ، سپرنٹنڈنٹ امتیاز احمد علی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عظیم قادر، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد یاسین، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نثار حسین، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مقصود احمد، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد یوسف الدین، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سعید احمد سومرو، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عبدالرؤف قندھر، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ فیصل بشیر، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سعید غضنفر علی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عمران علی گوپانگ شامل ہیں۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ غلام سرور کیریو، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظہیر شاہ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نسیم احمد شجرہ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اشتیاق احمد اعوان، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سعد حسین، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سکندر علی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ذوالفقار علی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مرید عباس بھی ان افسران میں شامل ہیں۔دیگر افسران میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اللہ ابھایو، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ محمد اعظم شریانی، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ شیراز حیدر، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ نبی داد، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ عبدالحمید سومرو، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ حسن علی کھوسو، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ شفقت جبار عرفانی، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ عمران علی، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ غلام رسول، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ عبدالرحمان شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :