آزادکشمیر کے وزیرِ تعمیرات و مواصلات چوہدری اظہر صادق کی چیف سیکرٹری آزاد کشمیر محمد عثمان چاچڑ سے ملاقات

جمعرات 30 جون 2022 20:06

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2022ء) آزادکشمیر کے وزیرِ تعمیرات و مواصلات چوہدری اظہر صادق کی چیف سیکرٹری آزاد کشمیر محمد عثمان چاچڑ سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں انتظامی و ترقیاتی امور کے علاوہ بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔اس موقع پر سیکرٹری برقیات و آبی توانائی چوہدری محمد طیب بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر وزیر مواصلات نے اپنے حلقہ نیابت ڈڈیال، جو متاثرینِ منگلا ڈیم اور تارکینِ وطن کا علاقہ ہے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پیدا شدہ عوامی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجے میں امن وامان کی صورتحال بگڑ رہی ہے۔ چیف سیکرٹری آزاد حکومت نے بتایا کہ اس حوالے سے ان کا وفاقی وزارت توانائی/پاور ڈویژن اور محکمہ برقیات کا متعلقہ تقسیم کار کمپنیوں سے مسلسل رابطہ ہے اور قومی سطح پر بجلی کی کمی کے بحران کے باعث بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کے اثرات سے خطہ کو محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پروزیرِ حکومت کو ڈڈیال میں محکمہ برقیات کے آپریشن ڈویژن کے قیام کا نوٹیفیکیشن بھی دیا، جس کا مقصد عوام علاقہ کو سہولیات کی فراہمی میں بہتری لانا اور بجلی کی تقسیم کے نظام کی مضبوطی اور اس حوالے سے پیدا ہونے والی شکایات کے فوری ازالہ کا اہتمام ہے۔صارفین بجلی کی ٹیرف کو آج کی تاریخ پر اگلے مالی سال کے لئے منجمد کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ دورانِ سال بجلی کی قیمت، فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز اور بجلی پر عائد دیکرمحاصل میں اضافہ نہیں کیا جائیگا۔اس اقدام کا فائدہ ہر صارف کو ہوگا۔ اس سے بالخصوص گھریلو بجٹ پر بجلی کے یوٹیلٹی بلز کی مد میں دورانِ سال اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔