Live Updates

وزیراعظم آزادکشمیرکا مظفرآباد میں وویمن یونیورسٹی کے سب کیمپس کے قیام کا اعلان

جمعرات 30 جون 2022 20:13

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2022ء) وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس نے دارالحکومت مظفرآباد میں وویمن یونیورسٹی کے سب کیمپس کے قیام کا اعلان کردیا۔وزیر بلدیات ودیہی ترقی خواجہ فاروق احمد کی تحریک پر وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے میگا پراجیکٹ کا اعلان کیا ہے۔اس اعلان سے مظفرآباد کے عوام کا ایک بڑا مطالبہ پورا ہوگیا ہے۔

وزیر بلدیات ودیہی ترقی خواجہ فاروق احمد نے اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی طرف سے اسمبلی فلور پر مظفرآباد میں وویمن یونیورسٹی کے سب کیمپس کے قیام کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہیں اور مظفرآباد کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کرنے پر وزیراعظم سردار تنویر الیاس کا دل کی عمیق گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

دارالحکومت مظفرآباد میں وویمن یونیورسٹی کے سب کیمپس کے قیام سے جہاں مظفرآباد کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوا ہے وہاں طالبات کو جدید واعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے بہترین ماحول میسر آئے گا اور والدین کو بھی ذہنی طورپر سکون محسوس ہوگا۔خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ مظفرآباد کے عوام سے جو وعدے کررکھے ہیں انہیں بتدریج پورا کیا جارہا ہے۔

موجودہ حکومت نے جہاں شہر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام میں تیزی لائی ہے وہاں بڑے منصوبہ جات پر بھی عمل درآمد ہورہا ہے۔وویمن یونیورسٹی کے سب کیمپس کی طرزپر مظفرآباد کے عوام کو علاج معالجہ کی جدید سہولیات کی فراہمی اور کینسر اسپتال،ہارٹ اسپتال،شہر کے دونوں بڑے طبی مراکز میں جدید سہولیات کی فراہمی کی خوشخبریاں بھی جلد ملیں گی۔انہوں نے کہا کہ مظفرآباد کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تحریک انصاف کی حکومت جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھارہی ہے اور دارالحکومت کو شایان شان بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات