Live Updates

بلدیاتی انتخابات میں شکست نے حکومت کو تعصب پسند بنادیا

میئر، چیئرمین کے بعد حکومت نے ویلج و نیبر ہوڈ کونسل کے چیئرمینز سے بھی اختیارات لیکر 9گریڈ کے سیکرٹری کے حوالے کردیئے ‘ غلام علی

جمعرات 30 جون 2022 20:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2022ء) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماء اور سابق ضلع ناظم حاجی غلام علی نے خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کی جانب سے میئر و چیئرمینز کے بعد اب ویلج اور نیبر ہوڈ کونسلز کے چیئرمینز کے اختیارات بھی 9 گریڈ کے سیکرٹری کو حوالے کرنے کو عوام،منتخب بلدیاتی نمائندوں اور ایکٹ کی توہین قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جھولی میں شرم اور افسوس کے سوا کچھ نہ ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں انکا کہنا تھا کہ ایک جانب عمران خان حقوق، اختیارات اور بلدیاتی اداروں کی مضبوطی کی بات کرتا ہے تو دوسری جانب اسی کی صوبائی حکومت اس کی نفی کرتے ہوئے منتخب بلدیاتی نمائندوں اور عوام کی توہین پہ توہین کیے جارہی ہے۔ صوبائی حکومت نے پہلے عوامی ووٹس سے منتخب میئر، تحصیل چیئرمینز کے اختیارات پر شب خون مارا اور بیوروکریسی کو اختیارات کی منتقلی کی اور اب حدوں سے نیچے گرتے ہوئے ویلج اور نیبر ہوڈ کونسلز کے چیئرمینز کے اختیارات بھی ایک سیکرٹری کے حوالے کیے جارہے ہیں جو سراسر شرمناک عمل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے ملک کو جھوٹ اور نفرت کی سیاست کے سوا کچھ نہیں دیا اور اب یہی حال وہ بلدیاتی اداروں کا بھی کررہے ہیں کہ اس میں اپنی شکست کی وجہ سے بلدیاتی اداروں کو اپنے تعصب اور ذاتیات کی بھینٹ چڑھارہے ہیں۔ اپنی بدترین شکست کے بعد صوبائی حکومت بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم کیں لیکن یہ لوگ بھول گئے کہ انکے اس عمل کو تاریخ میں بدترین اور شرمناک فیصلے کی طرح یاد رکھا جائیگا۔

اگر انہوں نے بلدیاتی اداروں کو تسلیم ہی نہیں کرنا تھا تو پھر الیکشن کا ڈرامہ کیوں رچایا گیا کیا صرف اس لیئے کہ اس میں بھی اپنے ہی سلیکٹڈ لوگوں کو لا سکیں اور کرپشن کا بازار گرم رکھیں ۔ لیکن عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے ان کو بدترین شکست دے کر ثابت کیا کہ اب مذید ان کی من مانی نہیں چلے گی۔ مہینوں گزر گئے صوبے میں کسی ایک بھی بلدیاتی دفتر کو فنڈز نہیں دیئے گئے جس کی وجہ سے جون کا مہینہ بھی گزر گیا اور کوئی بلدیاتی بجٹ نہیں بنایا جاسکا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ صوبائی حکومت اور انتظامیہ ہوش کے ناخن لے اس سے پہلے کے وہی عوام جس نے بلدیاتی انتخابات میں اپنے ووٹ کی طاقت سے اپنے نمائندوں کو منتخب کیا وہ ان کے گریبان میں ہاتھ ڈال لیں۔ یہ عوامی نمائندے ہیں اور اب عدالت عالیہ انشائاللہ آئین اور قانون کے تحت منتخب بلدیاتی نمائندوں کو انکا جمہوری حق دیگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات