ممبا اسکواڈ عیسیٰ لیب ٹرافی باسکٹ بال ٹورنامنٹ کی چمپئن بن گئی

جمعرات 30 جون 2022 22:03

ممبا اسکواڈ عیسیٰ لیب ٹرافی باسکٹ بال ٹورنامنٹ کی چمپئن بن گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2022ء) عیسیٰ لیب ٹرافی باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں ممبا سکواڈ نے کراچی باسکٹ بال کلب کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، شاندار کھیل پر کینتھ ڈیرک جانسن کو مین آف دی میچ اور سعد صلاح الدین ،حسن علی اور محمد معاذ کو ابھرتے کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ عیسیٰ لیبارٹریز اینڈ ڈائیگنو سٹک سینٹر کے اشتراک سے انٹر نیشنل عبدالناصر باسکٹ بال کورٹ پر کھیلے گئے فائنل میں ممبا سکواڈ نے ہارٹ فیورٹ ٹیم کراچی باسکٹ بال کلب کو سخت مقابلے کے بعد40کے مقابلے میں 52باسکٹ پوائنٹس سے شکست دی۔

فاتح کلب کی جانب سے کینتھ ڈیرک جانسن 17،طحہ محمد 16اور نعمان احمد اعوان نے 12جبکہ رنر اپ کلب کی جانب سے راج کمار لکھوانی 14،زین تنویر 12اور اسد امام 10باسکٹ اسکور کرکے نمایاں کھلاڑی رہے ۔

(جاری ہے)

فائنل کے اختتام پر منعقدہ اختتامی تقریب میں کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر سپورٹس ایاز منشی نے کھیلوں کی معروف شخصیات کے ہمراہ فاتح، رنرز اپ ٹیموں کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں کیش ایوارڈ تقسیم کئے۔

اس موقع پر کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان ،سیکریٹری طارق حسین ، لیگل ایڈوائزر و ٹرونامنٹ آرگنائزنگ سیکریٹری غلام عباس جمال ایڈوکیٹ ،سندھ فٹ بال ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئر مین محمد سلیم خمیسانی ،پاکستان یوگا اسپورٹس فیڈریشن کے سیکریٹری اطلاعات محمد ارشد ،ایس ایچ اوآرام باغ اعظم راجپر،، عیسیٰ لیبارٹریز کے اونر امتیاز ،سلمان فوڈز کے سی ای او نوید انجم ،یوبی ایل کے ذوالفقار عباس خان ،مسلم کمر شل بنک کے محمد حیدر خان ، اسپورٹس آرگنائزر اسد عباد علی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی اسپورٹس ڈائریکٹر کے ڈی اے ایاز منشی نے کہاکہ انسانیت کی خدمت اور فروغ کھیل میں ڈاکٹر فرحان عیسیٰ اور اُن کے ادارے کا کردار لائق تحسین ہے، عیسیٰ لیبارٹریز جہاں عوام کو سستی اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے وہیں کھیلوں کے میدانوں کو آباد اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف مائل کرنے میں بھی اپنی کاوشیں بروئے کار لارہا ہے۔

ایاز منشی نے کہاکہ کراچی میں اسپورٹس سرگرمیوں کا تسلسل کے ساتھ فروغ شہر کے امن اور مثالی معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کراچی میں کھیل کے فروغ میں کے بی بی اے کے صدر معروف اسپورٹس آرگنائزر غلام محمد خان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کے ڈی اے باسکٹ بال کھیل کے فروغ میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔