Live Updates

انرجی سیکٹر کے معاملات کی چھان بین کیلئے کمیشن بنانےکا فیصلہ

کمیشن پچھلے4 سالوں میں پیٹرول، ڈیزل، بجلی اور انرجی سیکٹر کے نقصانات کا جائزہ لے گا، کمیشن کی کارروائی اوپن ہوگی تاکہ عوام کو ذمہ داروں کا پتا چل سکے۔ وفاقی وزراء شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی نیوز کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 30 جون 2022 20:01

انرجی سیکٹر کے معاملات کی چھان بین کیلئے کمیشن بنانےکا فیصلہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جون 2022ء) وفاقی حکومت نے پچھلے4 سالوں میں انرجی سیکٹر کے معاملات کی چھان بین کیلئے کمیشن بنانے کا فیصلہ کرلیا، کمیشن پیٹرول، ڈیزل، بجلی اور انرجی سیکٹر کے نقصانات کا جائزہ لے گا، کمیشن کی کارروائی اوپن ہوگی تاکہ عوام کو  ذمہ داروں کا پتا چل سکے۔ سینئر نائب صدر ن لیگ شاہد خاقان عباسی اور وفاقی وزیر احسن اقبال نیوز کانفرنس کررہے تھے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ ایک کمیشن بنایا جائے جو مکمل غیرجانبداری کے ساتھ ان حالات کی انکوائری کرے، جو پچھلے چار سال میں بجلی، گیس، پیٹرول، ڈیزل، ایل این جی اور انرجی سیکٹر میں جو نقصانات ہوئے ہیں اور ان کی وجہ سے جو عوام پر بوجھ ہے، ان کا جائزہ لیا جائے۔

(جاری ہے)

کمیشن تحقیقاتی رپورٹ عوام کے سامنے رکھے، تاکہ عوام ان حالات سے آگاہ ہوں کہ اگر آج ملک میں بجلی، گیس مہنگی اور قلت کے ذمہ دار کون ہیں؟ فیصلہ کیا گیا کہ کمیشن کی تمام کاروائی میڈیا اور عوام کیلئے اوپن ہوگی، الیکٹرانک میڈیا پر بھی نشر کی جاسکے گی، یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس نے ملک فارن ایکسچینج، معاشی بدحالی، گردشی قرضے میں اضافہ اور معاشی بدحالی کی وجہ سے اضافہ قرض لینے کی ضرورت پڑی۔

عمران خان اور اس کی کابینہ نے انرجی سیکٹر کو پچھلے چارسالوں میں تباہ کیا۔ یہ عمران خان کا بنایا ہوا کمیشن نہیں ہوگا، جس کی رپورٹ آج تک نہیں آسکی۔ یہ کمیشن توانائی کے شعبے میں ہونے والے نقصانات کے حقائق سامنے لائے گا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کے بدترین بحران کا سامنا ہے، نومبر دسمبر2021 میں توانائی بحران کی نشاندہی کر دی گئی تھی، لوڈشیڈنگ سے عوام اور صنعتیں متاثر ہو رہی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات