Live Updates

لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ، چودھری پرویزالٰہی کی عمران خان اور قانونی ٹیم سے مشاورت، فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائیگا

جمعرات 30 جون 2022 23:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2022ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے لاہور ہائیکورٹ کے وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن کے خلاف فیصلے کے بعد ویڈیو لنک پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور سینئر پارٹی قیادت سمیت قانونی ٹیم سے مشاورت کی ہے جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا اور مشاورت سے آئندہ سیاسی و قانونی لائحہ عمل مرتب دیا جائے گا۔

اجلاس میں شاہ محمود قریشی، سینیٹر علی ظفر ایڈووکیٹ، سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، اسد عمر، ڈاکٹر بابر اعوان، فواد چودھری، عمر سرفراز چیمہ، عامر کیانی، فیصل چودھری ایڈووکیٹ، محمد بشارت راجہ، صمصام بخاری، غضنفر عباس چھینہ، حسین جہانیاں گردیزی، حافظ عمار یاسر اور سینئر وکلا شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا اس کیلئے قانونی پٹیشن کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔

اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی کہ تحریک انصاف کے پانچ ارکان حج کیلئے گئے ہیں، چھ ارکان ضروری کام کے سلسلے میں بیرون ملک ہیں، علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود تحریک انصاف کے پانچ ارکان کا الیکشن کمیشن نے ابھی تک نوٹیفکیشن نہیں کیا۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں کئی آئینی اور قانونی ابہام موجود ہیں، سپریم کورٹ کے سامنے قانونی نکات رکھے جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات