فیفا کا پاکستان فٹ بال فیڈریشن پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

جمعرات 30 جون 2022 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2022ء) فیفا نے پاکستان کی انٹرنیشنل رکنیت بحال کرتے ہوئے پاکستان فٹ بال فیڈریشن پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ رکنیت بحال ہونے سے پاکستانی ٹیموں پر انٹرنیشنل فٹ بال کے دروازے کھل گئے ہیں اور ملک میں فٹ بال سرگرمیوں کا سلسلہ بھی بحال ہوگا۔ نارملائزیشن کمیٹی الیکشن کیلئے پیش رفت کرے گی۔

(جاری ہے)

چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک نے اس حوالے سے کہا کہ تیسرے فریق کی بے جا مداخلت معطلی کا سبب بنی تھی۔ انہوں نے فٹ بال سے تعلق رکھنے والے افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ این سی کی انتھک محنت اور فٹ بال فیملی کی دعائیں رنگ لے آئیں، فیفا نے این سی کے مینڈیٹ میں بھی ایک سال کی توسیع کردی۔ انہوں نے کہا کہ فٹ بال کی بحالی، پی ایف ایف الیکشنز کا انعقاد اور اثاثہ جات کی واپسی اولین ترجیح ہو گی۔واضح رہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن پر اپریل 2021 ء میں پابندی عائد کی گئی تھی۔