Live Updates

حکومت خود کو 11 سو ارب روپے کا این آر او دے رہی ہے ، عمران خان

امپورٹڈ حکومت مسلسل عوام پرناقابل برداشت بوجھ ڈال رہی ہے‘ عوام اس کے خلاف کل ہمارے احتجاج میں شرکت کریں ۔ سابق وزیر اعظم کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 1 جولائی 2022 10:17

حکومت خود کو 11 سو ارب روپے کا این آر او دے رہی ہے ، عمران خان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 جولائی 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت مسلسل عوام پرناقابل برداشت بوجھ ڈال رہی ہے کیوں کہ حکومت خود کو 11 سو ارب روپے کا این آر او دے رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ روس سے سستا تیل خریدنے کی بجائے امریکہ کی حکومت تبدیل کرنے کی سازش کے نتیجے میں اقتدار میں آنے والی امپورٹڈ حکومت مسلسل عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈال رہی ہے ، اس امپورٹڈ حکومت نے خود کو 1100 بلین روپے کا این آر او 2 دے دیا ہے۔

سابق وزیر اعطم نے کہا کہ مجموعی طورپرپیٹرول کی قیمت میں 99 روپے ، ڈیزل کی قیمت میں 133 روپے اضافہ ہوا ، عوام اس کے خلاف کل ہمارے احتجاج میں شرکت کریں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ حکومت نے قیمت میں 14 روپے سے زائد اضافہ کر دیا ہے تاہم حکومت کی جانب سے اوگرا کی سمری کے برعکس پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زائد اضافہ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ، کیوں کہ جمعرات کے روز اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت خزانہ کو ارسال کی جس میں پٹرول 4 روپے 80 پیسے اور ڈیزل 8 روپے 60 پیسے ، لائٹ ڈیزل اور مٹی کا تیل 13 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی۔

ایکسپریس نیوز نے رپورٹ کیا کہ اوگرا کی تجویز کے برعکس حکومت کی جانب سے فی لیٹر پٹرول کی قیمت 14 روپے 85 پیسے اضافے سے 248 روپے 74 پیسے مقرر کر دی گئی ہے ، مٹی کا تیل 18 روپے 83 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 13 روپے 23 پیسے جب کہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل 18 روپے 68 پیسے مہنگا کیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ کے نوٹی فکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 276 روپے 54 پیسے، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 230 روپے 26 پیسے اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 226 روپے 15 پیسے مقرر کر دی گئی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات