لاہور؛ پیٹرول مہنگا ہونے پر شہریوں نے موٹرسائیکل کا علامتی جنازہ اٹھا لیا

احتجاجی مظاہرے میں جماعت اسلامی کے رہنماء احمد سلمان بلوچ بھی شریک ہوئے

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 1 جولائی 2022 13:19

لاہور؛ پیٹرول مہنگا ہونے پر شہریوں نے موٹرسائیکل کا علامتی جنازہ اٹھا ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 جولائی 2022ء ) ملک میں ایک بار پھر پیٹرول مہنگا ہونے پر لاہور میں شہریوں نے موٹرسائیکل کا علامتی جنازہ اٹھا لیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے ایک دفعہ پھر پیڑول کی قیمت میں اضافے پر شہریوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا ، جہاں مظاہرین نے موٹرسائیکل کا علامتی جنازہ بھی نکالا ، اس احتجاج میں جماعت اسلامی کے رہنماء احمد سلمان بلوچ بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پراحمد سلمان بلوچ نے کہا کہ شہباز تیری اسپیڈ سے جلتا ہے زمانہ اسی لیے پیڑول 249 ناٹ آؤٹ ہے، عوام بھوکے مر رہے ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب اپنی کرسی بچانے کے لیے دوبارہ تمام ممبران کو فائیو اسٹار ہوٹل میں رکھے ہوئے ہیں ، عوام یاد رکھے پیڑول بڑھنے پر ٹینکی بھروانے سے کچھ نہیں ہونا۔

(جاری ہے)

ادھرسابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ابھی مزید بڑھیں گی کیوں کہ پیٹرولیم مصنوعات پر ہر ماہ 50 روپے تک اضافے کیا جائے گا ، حکومت 17 فیصد پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس لگائے گی ، یہ عوام کو ریلیف نہیں دیں گے بلکہ ہر ماہ 50 روپے تک اضافہ کیا جائے گا ، جس کی مدد سے حکومت 855 ارب روپے پی ڈی ایل کی مد میں ریکور کرے گی۔

شوکت ترین نے کہا کہ 10 روپے ہر ماہ بڑھانے سے بھی 855 ارب روپے جمع نہیں ہوں گے ، اس لیے سیلز ٹیکس اور پی ڈی ایل کی رقم ملا کر یہ 50 روپے تک ماہانہ قیمت بڑھائیں گے ، ہم آئی ایم ایف کے ساتھ اتنی بڑی لیوی پر معاہدہ ہی نہ کرتے اسی لیے ہمارے دور میں عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف دیا جارہا تھا ، ہم نے روس سے سستا تیل خرید کر عوام کو مہنگا پیٹرول خریدنے سے بچانا تھا۔

خیال رہے کہ حکومت نے قیمت میں 14 روپے سے زائد اضافہ کر دیا ہے تاہم حکومت کی جانب سے اوگرا کی سمری کے برعکس پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زائد اضافہ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ، کیوں کہ جمعرات کے روز اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت خزانہ کو ارسال کی جس میں پٹرول 4 روپے 80 پیسے اور ڈیزل 8 روپے 60 پیسے ، لائٹ ڈیزل اور مٹی کا تیل 13 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی۔

بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے فی لیٹر پٹرول کی قیمت 14 روپے 85 پیسے اضافے سے 248 روپے 74 پیسے مقرر کر دی گئی ہے ، مٹی کا تیل 18 روپے 83 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 13 روپے 23 پیسے جب کہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل 18 روپے 68 پیسے مہنگا کیا گیا ہے ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 276 روپے 54 پیسے، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 230 روپے 26 پیسے اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 226 روپے 15 پیسے مقرر کر دی گئی۔