وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے ووٹنگ، پیپلز پارٹی نے بھی اہم فیصلہ کر لیا

پیپلز پارٹی مرکز اور پنجاب میں اتحادی حکومت کے ساتھ ہیں۔ آج وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کی دوبارہ گنتی میں حمزہ شہباز شریف کو ووٹ دیں گے ۔پی پی رہنما سید حسن مرتضی کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 1 جولائی 2022 15:28

وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے ووٹنگ، پیپلز پارٹی نے بھی اہم فیصلہ کر لیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جولائی2022ء) پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب کے انتخاب سے متعلق اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں پیپلز پارٹی کے تمام ایم پی ایز شریک تھے۔اجلاس میں پنجاب کی سیاسی صورتحال اور ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی کی قیادت میں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مرکز اور پنجاب میں اتحادی حکومت کے ساتھ ہیں۔ آج وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کی دوبارہ گنتی میں حمزہ شہباز شریف کو ووٹ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وعدوں کو من و عن پورا کریں گے۔ایم پی اے مخدوم عثمان نے کہا کہ مہنگائی کا احساس ہے ،عام آدمی سب سے زیادہ مہنگائی سے متاثر ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے اتحادی حکومت کو مشکل فیصلے کرنا پڑے۔جبکہ ایم پی اے غضنفر لنگاہ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ پنجاب کا وزیر اعلی ہم بنائیں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب کے دوبارہ انتخاب میں پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کے حکم کے مطابق ووٹ دیں گے۔دوسری جانب  وزیر اعلی پنجاب کے انتخاب کیلئے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے،تفصیلات کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی اور اپوزیشن لیڈر سبطین خان کی زیرصدارت صوبائی اسمبلی میں پارٹی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہو گا۔

دونوں جماعتوں نے آئندہ کے لائحہ عمل اور مشاورت کیلئے اجلاس طلب کیاہے۔ جبکہ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب کے ری الیکشن کے حوالے سے گفتگو کی جائے گی۔ادھر وزیرا اعلی پنجاب کے انتخاب کے لیے ن لیگ اور اتحادی جماعتوں نے حکمت عملی تیار کر لی۔حکومتی اور اتحادی اراکین پنجاب اسمبلی نے گزشتہ رات مقامی ہوٹل میں قیام کیا۔ارکان ہوٹل سے قافلے کی صورت میں پنجاب اسمبلی جائیں گے۔