Live Updates

پریڈ گراؤنڈ جلسہ ؛ عمران خان کا راولپنڈی سے ریلی لے کر پہنچنے کا فیصلہ

کل پریڈ گراؤنڈ میں تاریخی جلسہ ہوگا ‘ راولپنڈی سے پریڈ گراؤنڈ تک ریلی کی قیادت کروں گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 1 جولائی 2022 15:53

پریڈ گراؤنڈ جلسہ ؛ عمران خان کا راولپنڈی سے ریلی لے کر پہنچنے کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 جولائی 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے 2 جولائی کو پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے میں عمران خان نے راولپنڈی سے ریلی لے کر پہنچنے کا فیصلہ کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ کل پریڈ گراؤنڈ میں امپورٹڈ حکومت کی سیاسی عدم استحکام اور گرمی کے عروج میں ہمارے عوام کو ضرورت سے زیادہ لوڈشیڈنگ اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بوجھ تلے کچلنے کے خلاف ہمارا تاریخی اسلام آباد جلسہ ہوگا اور میں راولپنڈی سے پریڈ گراؤنڈ تک ریلی کی قیادت کروں گا۔


دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے ٹائیگر فورس کی رجسٹریشن کے لیے ویب سائٹ لانچ کر دی ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں بیرونی مداخلت کے ذریعے حکومت مسلط کی گئی، آج ہمارا ملک جس موڑ پر کھڑا ہے وہاں ٹائیگر فورس کی ضرورت ہے ، 30 سال سے ملک کا خون چوسنے والے مجرموں کو اقتدار دیا گیا ، دو خاندانوں نے جھک جھک کر بیرونی طاقتوں کی غلامی کی ، دو نوں خاندان پھر اس لیے اقتدار میں لائے گئے تا کہ باہر کے ایجنڈے پر چلیں۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ہمارا انصاف کا نظام تباہ کر دیں گے،آج نیب اور ایف آئی اے کو تباہ کر دیا گیا ، اب یہ ایسا ماحول بنا رہے ہیں کہ عدالتوں سے بھی بچ جائیں، حکمران کبھی بھی صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہونے دیں گے، پنجاب کے 20 حلقوں کے الیکشن میں ابھی سے دھاندلی ہو رہی ہے،پارٹی کی لیڈرشپ پر ایف آئی آر کاٹی ہوئی ہے، مجھ پر 9 مقدمات درج ہیں، پارلیمنٹ ختم ہو گئی۔

پنجاب میں بھی تماشا لگا رکھا ہے، قومی اسمبلی میں ایسے شخص کو اپوزیشن لیڈر بنایا گیا جو ن لیگی ٹکٹ پر الیکشن لڑے گا۔ عمران خان نے کہا کہ 60 فیصد کابینہ اراکین کرپشن کیسز میں ضمانتیں لے کر بیٹھے ہیں،یہ صرف پاکستان کے ادارے تباہ کر کے خود کو مسلط کرنا چاہتے ہیں، میڈیا پر فاشسٹ ہتھکنڈوں کے ذریعے بد ترین سختیاں مسلط کی گئی ہیں ، آج ہمارا ملک جس موڑ پر کھڑا ہے وہاں ٹائیگر فورس کی ضرورت ہے ، نوجوان خود کو رجسٹر کریں اور ٹائیگر فورس کا حصہ بن جائیں ، انتخابی مرحلے میں نوجوان ہماری مدد کریں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات