ملک کو خوردنی تیل میں خودکفیل بناناترقیاتی ایجنڈے کی ترجیح ہے ، خوردنی تیل میں خودکفالت کے پلان پر تمام صوبوں کے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر روڈ میپ تشکیل دیں ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی

جمعہ 1 جولائی 2022 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2022ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کو خوردنی تیل میں خودکفیل بناناترقیاتی ایجنڈے کی ترجیح ہے ، اس وقت ملک میں خوردنی تیل کی طلب 4.517ملین ٹن ہے، خوردنی تیل میں خودکفالت کے پلان پر تمام صوبوں کے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر ایک ہفتہ کے اندر روڈ میپ تشکیل دیں ۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے جمعہ کو خوردنی تیل میں کفالت حاصل کرنے کے حوالے سے بنائے جانے والے پلانز کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نیشنل فوڈ سیکورٹی اور وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ ملک کو خوردنی تیل میں خودکفیل بناناترقیاتی ایجنڈے کی ترجیح ہے ، نیشنل فوڈ سیکورٹی کے افسران نے بریفنگ میں بتایا کہ اس وقت ملک میں خوردنی تیل کی طلب 4.517ملین ٹن ہے جبکہ طلب کا 8 فیصد ملکی پیداوار سے پورا ہو رہا ہے ، ملک میں 92 فیصد خوردنی تیل 4.5 بلین ڈالر کا درآمد ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا کہ خوردنی تیل کی پیداوار پہلے سال 0.745ملین ، 5 سال میں 1.192 اور 10 سال بعد 4.793 ملین ٹن تک لے جانے کی تجویز کی ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ خوردنی تیل میں خود کفالت حاصل کرنے کے لئے پرائیوایٹ سیکٹر کو زیادہ سے زیادہ متحرک کیا جائے ، عوام کو خوردنی تیل کی فراہمی کو حفظان صحت کے اصولوں کےمطابق یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل میں خودکفالت کے پلان پر تمام صوبوں کے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر ایک ہفتہ کے اندر روڈ میپ تشکیل دیں ۔ انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل کی پیدوار میں سرمایہ کاری کے لئےموزوں مراعات مہیا کی جائیں ۔