پنجاب بھر میں انسانی حقوق کے فروغ کے لیے قائم ڈسٹرکٹ کمیٹیوں کی کیپسٹی بلڈنگ بارے افتتاحی سیمینار کا انعقاد

جمعہ 1 جولائی 2022 16:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2022ء) محکمہ انسانی حقوق واقلیتی امور اور فلاحی ادارے ہیومن فرینڈز آرگنائزیشن کے باہمی اشتراک سے لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں پنجاب بھر میں انسانی حقوق کے فروغ کے لیے قائم ڈسٹرکٹ کمیٹیوں کی کیپسٹی بلڈنگ بارے افتتاحی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ صدر ہیومن فرینڈز آ رگنائزیشن ساجد کرسٹوفر نے سیمینار کے اغراض و مقاصد بارے بتایا کہ محکمہ انسانی حقوق کے زیر اہتمام انسانیت کی خدمت کے لیے ملکر کام کریں گے جبکہ ہیومن فرینڈز آرگنائزیشن ڈسڑکٹ کمیٹی کے تمام شرکا کو ٹریننگ دے گی اور مستقبل بارے ایک لائحہ عمل طے کرے گی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر انسانی حقوق محمد یوسف نے کہا کہ ڈسڑکٹ سطح پر 36 کمیٹیاں بنائی ہیں جو انسانیت کے حقوق کے لیے کام کر رہی ہیں جبکہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انسانی حقوق کی پالیسی نافذ کی گئی۔

(جاری ہے)

ایم پی اے سردار مہندر پال سنگھ نے کہا کہ دنیا میں بہترین انسان وہی ہے جو انسانیت کے کام کرے اور بلا شبہ ساجد کرسٹوفر کا نام نمایاں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی ادارہ اکیلے کام نہیں کر سکتا تمام مذاہب وسماجی کارکن، میڈیا، عدلیہ، گورنمنٹ کو مل کر انسانی فلاح بہبود کے لیے کام کرنا ہو گا۔

مولانا عاصم مخدوم نے کہا کہ اگر ہم انسانیت کی بہتری اور فلاح کے لیے کام کریں گئے تو دنیا اور آخرت دونوں بہتر ہو جائیں گی جبکہ کسی کی بھی بھلائی کے لیے کام کرنا ہم سب کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔ تقریب سے دیگر مقررین نے بھی مختصر خطاب کیا اور ہیومن فرینڈز آر گنائزیشن کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر سینئر پادری ایمونئیل کھوکھر، چیئرمین طہورہ ویلفیئر سوسائٹی مرزا اسد اللہ سعید، علامہ حافظ کاظم رضا نقوی،۔علامہ اصغر عارف چشتی، قاسم علی قاسمی، وکلا فورم کے نمائندگان اور دیگر موجود تھے۔