آئین کی بالادستی ،قانون کی حکمرانی کیلئے وکلاء برادری کا کردار ناقابل فراموش ہے، راجہ محمد فاروق حیدر خان

جمعہ 1 جولائی 2022 17:47

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2022ء) سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر و بانی صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی ،قانون کی حکمرانی اور عام آدمی تک انصاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ جمہوریت کے تحفظ ، ریاستی تشخص اور وقار کی بحالی کے لیے وکلاء برادری کا کردار ناقابل فراموش ہے۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری نے آزادکشمیر کے اندر عوامی حقوق کی بحالی اور قومی امور پر جاندار کردار ادا کیا ہے، بار کو ہمیشہ اپنا گھر سمجھاہے اور یہاں آکر بات کرکے خوشی محسوس ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہار راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مسلم لائرز فورم کے وکلا کی اعلی سطحی رابطہ کمیٹی کے ساتھ خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وکلا برادری کے مسائل کے حل کے لیے جہاں کہیں گے ساتھ جائیں گے، نو تعمیرشدہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے ساتھ وکلاء چیمبرز کے لیے بھی جگہ مختص کی جائے۔

راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ میں آزادکشمیر کا وہ خوش قسمت ترین سیاستدان ہوں کہ اقتدار ہو یا اپوزیشن وکلاء برادری نے ہمیشہ عزت افزائی کی اور میرے ساتھ کھڑی رہی، مجھے آزادکشمیر کی متعدد بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے دعوتیں ملی ہیں جلد ان سب کے پاس بھی جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء مسلم لیگ ن کا ہر اول دستہ ہیں ،مسلم لائرز فورم کو متحرک اور فعال بنا کر ہم قائد اعظم کے نظریے اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے ووٹ کو عزت دو بیا نیے کی ترویج کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اپنے 5 سالہ دور میں اعلی عدلیہ میں ججز کی تعداد میں اضافہ کیا ، فیملی کورٹس کا قیام اور عدلیہ کی مکانی ضروریات کے لیے وافرمقدار میں فنڈز مختص کیے ۔ مسلم لائرز فورم کی رابطہ کمیٹی کے اس اجلاس میں،تیرویں ترمیم کے تحفظ، ریاستی تشخص، مقبوضہ جموں کشمیر کے اندر ہندوستان کی جانب سے کشمیری قیادت کو ختم کرنے اور کشمیریوں کی نسل کشی کے اقدامات،یاسین ملک کی سزا ، ریاست جموں کشمیر کی وحدت کی بحالی کیلئے بھرپور جدو جہد کرنے کیلئے مسلم لائرز فورم کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس مقصد کے لیے سینیر ترین قانون دان راجہ محمد حنیف خان ایڈووکیٹ کی سربراہی میں اعلی سطحی رابطہ کمیٹی قائم کرکے تمام اضلاع میں فورم کو متحرک بنایا جائیگا ۔