پی سی بی ا ور پی ٹی وی سپورٹس میں پی جے ایل کے میچز براہ راست نشر کرنے پر اتفاق

جمعہ 1 جولائی 2022 23:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2022ء) پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ٹی وی سپورٹس کے اعلیٰ حکام نے رواں ہفتہ اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں پی جے ایل کے تمام میچز پی ٹی وی سپورٹس پر براہ راست نشر کرنے پر اتفاق کیا ہے،اکتوبر میں کھیلی جانے والی فرنچائز لیگ کے تمام میچز لاہور میں منعقد ہوں گے،اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین کا کہنا ہے کہ کرکٹ اس قوم کو متحد کرتی ہے اور خوشی ہے کہ نیشنل براڈکاسٹر پی ٹی وی سپورٹس نے پاکستان جونیئر لیگ کے تمام میچز براہ راست نشر کرنے پر اتفاق کیا ہے،انہوں نے کہا کہ خطہ میں کرکٹ کے فروغ اور پذیرائی کے لیے پی سی بی کو پی ٹی وی سپورٹس جیسے شراکت داروں کی ضرورت ہے،پی ٹی وی سپورٹس کی جانب سے ایونٹ کی نمایاں کوریج پی جے ایل کی پروفائل میں اضافہ کرے گی،فیصل حسنین نے مزید کہا کہ ملک بھر میں موجود پی ٹی وی سپورٹس کے ناظرین تک پہنچنے والے پاکستان جونیئر لیگ کے براہ راست مناظر باصلاحیت نوجوانوں کو اس لیگ کی جانب راغب کریں گے،انہوں نے کہاکہ جب سے کرکٹ میں براڈکاسٹ کوریج متعارف ہوئی ہے ،پی سی بی اور پی ٹی وی اس وقت سے ہی شراکت داروں کی حیثیت سے مل کر کام کررہے ہیں اور گزشتہ چند برسوں میں یہ رشتہ اور بھی مضبوط ہوا ہے،ایم ڈی پی ٹی وی مبشر توقیر شاہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی وی سپورٹس اپنی کوریج کے ذریعہ کرکٹ سمیت تمام کھیلوں کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان جونیئر لیگ ایک اہم پراجیکٹ ہے اور حکومت کی نوجوانوں کی حوصلہ افزائی سے متعلق پالیسی کے تحت پی سی بی کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اپنے پلیٹ فارمز کے ذریعے پی جے ایل کی بھرپورکوریج کو یقینی بنائیں گے،انہوں نے کہاکہ سیزن 23-2022 ء کے دوران پاکستان کرکٹ کے مداحوں کو بہت سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے،اس دوران پی سی بی کو پاکستان جونیئر لیگ کے انعقاد کے علاوہ انگلینڈ ، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کی میزبانی بھی کرنی ہے جبکہ فروری 2023 ء میں ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ کے مقابلے بھی شائقین کرکٹ کو ٹی وی سکرینز سے جوڑے رکھیں گے، علاوہ ازیں اسی سیزن میں قومی کرکٹ ٹیم نے اے سی سی ایشیا ء کپ اور آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 ء میں میں بھی شرکت کرنی ہے۔