بھارتی اداکار جوڑے کو بیٹی سمیت قتل کی دھمکی دینے والا خانساماں گرفتارکرلیا گیا

مجھے کوئی پرواہ نہیں مجھے کچھ ہو جائے مگراپنی بیٹی کیلئے خوفزدہ ہوں، بھارتی اداکارہ ماہی وج

ہفتہ 2 جولائی 2022 11:10

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2022ء) بھارتی اداکار جوڑے کو بیٹی سمیت قتل کی دھمکی دینے والا خانساماں گرفتارکرلیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ماہی وج اور جے بھانوشالی نے پولیس میں شکایت درج کروائی جب ان کے خانساماں نے مبینہ طور پر انہیں اور ان کی دو سالہ بیٹی تارا کو قتل کرنے کی دھمکی دی ۔ماہی نے ٹوئٹر پر اپنے ساتھ پیش آئے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کافی ٹوئٹس کیں لیکن بعد میں اداکارہ نے انہیں ڈیلیٹ کردیا۔

بعد ازاں بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تین دن قبل ایک خانساماں رکھا لیکن ہمیں شک ہوا کہ وہ خرچے کے پیسے میں چوری کررہا تھا۔اداکارہ نے بتایا کہ جے نے خانساماں سے خرچے کے بل کے حوالے سے حساب کرنا چاہا لیکن اس نے پورے مہینے کا خرچہ لینے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

ماہی نے بتایا کہ جب جے نے اس کی وجہ پوچھی تو خانساماں نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے گھر کے باہر 200افراد کو لے آئوں گا، اس نے نشے میں دھت ہو کر ہمیں گالیاں دینا شروع کیںجس کے بعد ہم پولیس کے پاس گئے۔

اداکارہ نے کہا مجھے کوئی پرواہ نہیں کہ مجھے کچھ ہو جائے لیکن میں اپنی بیٹی کے لیے خوفزدہ ہوں۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے جوڑے کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے خانساماں کو گرفتار کیا لیکن بعد میں اسے ضمانت پر رہا بھی کر دیا۔بظاہر خانساماں کی رہائی سے ناخوش ادکارہ نے کہا کہ جب ہم پولیس اسٹیشن گئے تو وہ مجھے فون کرتا رہا۔ ہر طرف جو کچھ ہو رہا ہے اسے دیکھ کر بہت ڈر لگتا ہے۔ اگر اس نے مجھے ماردیا تو کیا ہوگا میں اپنے خاندان کی حفاظت کے لیے خوفزدہ ہوں۔ کیا ہوگا اگر وہ جیل سے باہر آنے کے بعد لوگوں کو لائے اور ہمیں نشانہ بنائی ۔