اسرائیل کے سابق قونصلر ایرانی ہٹ کلر ٹیم کا نشانہ تھے، ترکیہ

ترک فورسز نے پاسداران انقلاب سے تعلق رکھنے والی آٹھ رکنی قاتل ٹیم میں سے سات کو گرفتار کر لیا ،حکام

ہفتہ 2 جولائی 2022 12:00

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2022ء) ترکیہ کے تاریخی اور ثقافتی مرکز استنبول سے حراست میں والی ایرانی قاتل ٹیم کا اصل ہدف اسرائیل کے سابق قونصل جنرل تھے تاہم ترک سکیورٹی فورسز نے اس سازش کو ناکام بناتے ہوئے انہیں اپنے ملک واپس بھیج دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترک سکیورٹی فورسز نے پاسداران انقلاب سے تعلق رکھنے والی 8 رکنی قاتل ٹیم میں سے 7 کو گرفتار کر لیا اور انہیں سخت حفاظتی حصار میں عدالت میں پیش کیا گیا۔

انہی اطلاعات کے مطابق ایرانی ہٹ ٹیم کا اگلا ہدف ترکی میں اسرائیلی سیاح تھے۔

(جاری ہے)

ممکنہ طور پر قتل کی سازش میں استعمال ہونے والے ہتھیار ترکیہ سکیورٹی اور انٹیلی جنس فورسز کے مشترکہ آپریشن کے دوران ضبط کیے گئے ۔سات ایرانیوں کو تہران انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے اسرائیلی شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے الزام میں ٹرائل کے لیے ترک عدلیہ کے حوالے کر دیا گیا ۔ترک میڈیا کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان سے سخت حفاظتی اقدامات کے تحت تفتیش کی گئی۔ملزمان کو جون کے وسط میں استنبول میں ایک سکیورٹی چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ اس وقت اسرائیلی وزیر اعظم نے ترک صدر اور ترکی اور اسرائیلی سکیورٹی فورسز کا شکریہ ادا کیا تھا۔