وزیراعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان کے خواب کو عملی شکل دینے کیلئے شمسی توانائی کے منصوبوں پر کام کا آغاز

سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو فزیبلٹی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت سولر پینلز کے استعمال سے اضافی بجلی گرڈ اسٹیشنز کو فروخت بھی کی جا سکے گی جس سے صارفین اپنی آمدن میں بھی اضافہ کر سکیں گے، وزیر اطلاعات ملک میں قابل تجدید توانائی کے وسائل پر انحصار بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،سولر انرجی کے کاروبار پر مراعات دی جائیں گی، مریم اور نگزیب

ہفتہ 2 جولائی 2022 23:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2022ء) وزیراعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان کے خواب کو عملی شکل دینے کیلئے شمسی توانائی کے منصوبوں پر کام کا آغاز کر دیا گیا ۔ ہفتہ کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت سولر انرجی کے بارے میں قائم ٹاسک فورس کا اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سمیت ٹاسک فورس کے دیگر ارکان نے شرکت کی ۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ ٹاسک فورس کمیٹی نے ملک میں سولر انرجی کی پیداوار بڑھانے کے لئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا۔ وزیر طالاعات نے کہاکہ اجلاس میں سرکاری عمارتوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ ہوا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ جن علاقوں میں بجلی پر سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے وہاں بھی سولر پلانٹس لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہاکہ اجلاس میں توانائی کی بچت اور گرین انرجی کو فروغ دینے کیلئے پالیسی بنانے پر بھی غور ہوا۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو فزیبلٹی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ اجلاس میں چھوٹے صارفین کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے لئے سبسڈی اور رعایتی قرضوں کی فراہمی کے منصوبہ پر بھی غور ہوا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ گزشتہ برس سولر سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 600 میگاواٹ رہی جس میں مزید اضافہ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ سرکاری و نجی عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے سولر پینلز کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ اس جانب راغب ہو سکیں۔ انہوںنے کہاکہ سولر پینلز کے استعمال سے اضافی بجلی گرڈ اسٹیشنز کو فروخت بھی کی جا سکے گی جس سے صارفین اپنی آمدن میں بھی اضافہ کر سکیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اس سلسلے میں چار سے پانچ ہزار میگاواٹ کے منصوبوں پر کام جلد شروع ہوگا، ملک میں قابل تجدید توانائی کے وسائل پر انحصار بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،سولر انرجی کے کاروبار پر مراعات دی جائیں گی۔

وزیر اطلاعا ت نے کہاکہ توانائی کے شعبہ میں کسی کو اجارہ داری قائم نہیں کرنے دیں گے بلکہ مسابقت کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ سولر پینل لگنے سے گھریلو شعبہ میں بھی عام بجلی کے استعمال میں بچت ہوگی، لائن لاسز بھی کم ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ ٹاسک فورس اپنی سفارشات مرتب کر کے وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کرے گی۔