Live Updates

ْ چوروں نے اپنے بیٹوں کو وزیراعلیٰ، وزیر خارجہ اور وزیر مواصلات بنوا دیا ، شیخ رشید احمد

موجودہ حکومت میں پٹرول، ڈیزل، گیس، بجلی سب مہنگی کردی گئی، امپورٹڈ حکومت کو کہتا ہوں جولائی بڑا اہم مہینہ ہے، سابق وزیر

ہفتہ 2 جولائی 2022 23:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2022ء) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایک چور نے اپنے بیٹے کو وزیراعلیٰ، دوسرے نے وزیر خارجہ اور تیسرے نے وزیر مواصلات بنوا دیا۔سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں مہنگائی کے خلاف پی ٹی آئی کے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک چور نے اپنے بیٹے کو وزیراعلیٰ، دوسرے نے وزیر خارجہ اور تیسرے نے وزیر مواصلات بنوا دیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ آج عمران خان قیادت کرتے ہوئے انقلاب لے آئے ہیں، بے ایمانو دیکھ لو آج عمران خان پوری قوم کی جان اور سارے پاکستان کی آواز ہے، آج تک راولپنڈی میں اس قسم کا جلسہ نہیں دیکھا جو آج دیکھ رہا ہوں، سب کو کہتا ہوں کہ میں بھی عمران خان کے ساتھ ہوں، دوستوں کو السلام وعلیکم کو کہہ دیا ہے اور کہا ہے کہ میں عمران خان کے ساتھ ہوں۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت میں پٹرول، ڈیزل، گیس، بجلی سب مہنگی کردی گئی، امپورٹڈ حکومت کو کہتا ہوں جولائی بڑا اہم مہینہ ہے، 17 جولائی کو ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کو جیت دلا کر امپورٹڈ حکومت کو گھر بھیجنا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کے تمام مقتدر حلقوں اور اسٹیبلشمنٹ سے کہتا ہوں کہ پاکستان کی بہتری اسی میں ہے کہ جلدی الیکشن کا اعلان کیا جائے کیونکہ یہ لوگ ملک نہیں چلا سکتے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات