اسرائیلی جیل میں قید معمر فلسطینی خاتون طبی غفلت کے باعث انتقال کر گئیں

اتوار 3 جولائی 2022 11:20

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2022ء) اسرائیل کی دیمون جیل میں قید 29 خواتین فلسطینی سیاسی قیدیوں میں سے ایک معمر ساتون سعدیہ فراج اللہ گزشتہ روزانتقال کر گئیں ،فلسطینی ذرائع ابلاغ کےمطابق فلسطینی قیدیوں کی سوسائٹی (پی پی ایس) نے ایک بیان میں کہا کہ مغربی کنارے کے جنوب میں واقع قصبے ادنا سے آٹھ بچوں کی ماں 68 سالہ فراج اللہ کو اسرائیلی قابض فوج نے دسمبر میں اس وقت حراست میں لیا جب وہ جنوبی مغربی کنارے کے شہر ہیبرون میں ابراہیمی مسجد کے قریب سے گزر رہیں تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل انہیں وہیل چیئر پر فوجی عدالت میں لایا گیا جہاں ان کے وکیل نے کہا کہ ان کی موکلہ ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کی مریضہ لہذا ان کا طبی معائنہ کروایا جائے تاہم عدالت نے اس کی اجازت نہیں دی ۔انہوں نے کہ سعدیہ فراج اللہ کی موت کی خبر کے بعد ساتھی فلسطینی نظربندوں میں غم و غصہ کی کیفیت طاری ہوگئی اور قیدیوں نے بطور احتجاج اپنی کوٹھڑیوں کے دروازے کھٹکھٹانے شروع کردیئے۔انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی کمیٹیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کی موت کے حالات کی تحقیقات شروع کریں اور قابض حکام پر تمام خواتین اور بیمار قیدیوں کی رہائی کے لیے دباؤ ڈالیں۔