سستی بجلی کی جانب بڑا قدم، نیپرا کے مقابلے میں سیپرا کے قیام کا مسودہ تیار

مجوزہ قانون کے مطابق سندھ میں سیپرا بجلی کے ٹیرف کا تعین کرے گی، پاور جنریشن اور لائسنسنگ کو ریگولیٹ کرے گی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 3 جولائی 2022 14:42

سستی بجلی کی جانب بڑا قدم، نیپرا کے مقابلے میں سیپرا کے قیام کا مسودہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 3جولائی 2022) سستی بجلی کی جانب بڑا قدم، حکومت نے نیپرا کے مقابلے میں سیپرا کے قیام کیلئے ابتدائی مسودہ تیار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہریوں کے لیے سستی بجلی کی جانب بڑا قدم اٹھاتے ہوئے، سندھ حکومت نے نیپرا کے مقابلے میں سیپرا کے قیام کا قانونی مسودہ تیار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے نیپرا کے مقابلے میں سیپرا کے قیام کی تیاری کے سلسلے میں سندھ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا۔

مجوزہ قانون کے مطابق سندھ میں سیپرا بجلی کے ٹیرف کا تعین کرے گی، پاور جنریشن اور لائسنسنگ کو ریگولیٹ کرے گی، اور صوبے میں پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی مانیٹرنگ کرے گی۔سندھ کابینہ کے 5 جولائی کے اجلاس میں اتھارٹی کے قیام پر غور اور فیصلہ ہوگا، بتایا جا رہا ہے کہ اس کے بعد سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اس مسودے کی منظوری دے کر اسے قانونی صورت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ وفاق میں پہلے ہی اس حوالے سے ایک اتھارٹی موجود ہے، تاہم اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبائی حکومت کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ بجلی کی تقسیم اور اس کا ٹیرف مقرر کرے۔اس وقت تھر کوئلہ اور ونڈ سے پیدا ہونے والی بجلی سندھ حکومت کی اپنی ہے، لہٰذا صوبائی حکومت اس سلسلے میں سندھ کے شہریوں کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے یہ قانون سازی کر رہی ہے۔