17سال قبل زلزلے میں تباہ ہونے والی سڑک کا منصوبہ ایک بار پھر ڈراپ،دومیل سیداں کے رہائشی سراپا احتجاج

اتوار 3 جولائی 2022 14:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2022ء) 17سال قبل زلزلے میں تباہ ہونے والی سڑک کا منصوبہ ایک بار پھر ڈراپ،دومیل سیداں کے رہائشی سراپا احتجاج،جنازوں اور مریضوں کو کندھوں پہ اٹھا کے منتقل کرتے ہیں بچیوں کی تعلیم بھی متاثر ،سینکڑوں افراد کا علامتی احتجاج ، آئندہ چند روز میں مین شاہراہ گڑی پن سے بند کر کے دھرنا دینے کا اعلان ، پاکستان تحریک انصاف وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی تحریک کی مگر آخری وقت اہم منصوبہ ڈراپ کر دیا جس سے شہریوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے ۔

وزیر بلدیات بھی سابقہ حکومتوں کی طرح وعدہ ایفا نہ کر سکے،17سال سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ تکلیف دہ زندگی گزار رہے ہیں زلزلے میں تباہ ہونے والی سڑک تاحال نہ بن سکی۔

(جاری ہے)

اس اہم لنک روڈ کے تباہ ہونے سے مریضوں،سٹوڈنٹ،سمیت ہر طبقہ زندگی بری طرح متاثر ہے ۔ متبادل سڑک سے 10کلو میڑ کے طور پہ استعمال کرنا پڑتی ہے اس مہنگائی کے دور میں اب گزارا ممکن نہیں،ہمیں جان بوجھ کے پتھر دور میں دھکیلا جا رہا ہے بنیادی ضروریات پوری کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علاقہ معززین عظمت اعوان،خواجہ خورشید،سعید شاہ عرف منا پیر،ندیم ممتاز میر،طارق اسماعیل،قاضی ناہید،میر آصف،راجہ خالد،محمود الحسن خواجہ،مبارک شاہ،اعجاز مغل،جاوید نے کہا کہ وزیر اعظم تنویر الیاس اور چیف سیکرٹری فوری طور پہ نوٹس لیتے ہوئے ہزاروں افراد کی مشکلات کا ازالہ کرتے ہوئے اس اہم نوعیت کے منصوبہ کو ڈراپ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کریں اور اس عوامی منصوبہ کی منظور دیتے ہوئے سڑک تعمیر کر کے عوام کو ذہنی کرب سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔