حماس کا عالمی چرچ کونسل کے اسرائیلی جرائم بارے بیان کا خیر مقدم

قابض اسرائیل کو فلسطین میں غیرقانونی آباد کاری اور یہودیت کے جرائم کے لیے جوابدہ ٹھہرانے کے لیے کام کرے،بیان

اتوار 3 جولائی 2022 15:30

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2022ء) اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے عالمی کونسل آف چرچ کی مرکزی کمیٹی کے اس موقف کا خیرمقدم کیا ہے جس میں اس نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے نسلی امتیاز، جبری نقل مکانی، قتل اور فلسطینی املاک پر قبضے، گھروں کی مسماری اور اسلامی اور عیسائی مقدس مقامات کے خلاف بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق ایک پریس بیان میں حماس نے عالمی گرجا گھر کونسل کے موقف کو اسرائیلی ریاست کے خلاف ایک نیا ثبوت قرار دیا۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ عالمی چرچ کونسل کا موقف فلسطینی سرزمین، فلسطینی عوام اور اسلامی اور عیسائی مقدسات کے خلاف صہیونی جنگی جرائم اور خلاف ورزیوں کو ظاہر کرتا ہے۔حماس کہا کہ کونسل کا بین الاقوامی برادری سے مطالبہ ہے کہ وہ قابض اسرائیل کو فلسطین میں غیرقانونی آباد کاری اور یہودیت کے جرائم کے لیے جوابدہ ٹھہرانے کے لیے کام کرے۔ کونسل نے ایک بار پھر عالمی برادری کے تمام اداروں کو اخلاقی، قانونی اور انسانی ذمہ داریوں کو سامنے رکھتے ہوئے صہیونی جرائم پر اسرائیلی لیڈرشپ کا مواخذہ کرنے کا مطالبہ کیا۔