Live Updates

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا بند پاور پلانٹس فوری بحال کرنے کا حکم

اتوار 3 جولائی 2022 16:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2022ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بند پاور پلانٹس فوری بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے لوڈشیڈنگ کی وجوہات کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی۔اتوار کو وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطا بق وزیر اعظم محمدشہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور توانائی کے بحران پر قابو پانے سے متعلق ایک اہم اجلاس اتوار کو لاہور میں منعقدہوا۔

۔اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت براے پیٹرولیم مصدق ملک نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل،وفاقی وزیر براے توانائی انجنئیر خرم دستگیر،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب،رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی براے پبلک پالیسی/اسٹریٹجک کمیونیکیشنز فہد حسین نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمتعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔اجلاس میں ملک میں جاری بجلی کے بحران کو حل کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے بند پاور پلانٹس کی فوری بحالی کا حکم دیا۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے رپورٹ فوری پیش کی جائے جس میں لوڈشیڈنگ کی وجوہات واضح طور پر بتائی جائیں۔وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ صوبوں کو پینے کے پانی اور زرعی سہولیات کی فراہمی سے متعلق معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور اس سلسلے میں ارسا صوبوں کے ساتھ باہمی مشاورت اور آزادی کے ساتھ فیصلہ کرے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات