صاف پنجاب مہم ، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے جون میں راولپنڈی اور اسکی تحصیلوں سے 23500ٹن سے زائد کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگایا

اتوار 3 جولائی 2022 20:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2022ء) راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے صاف پنجاب مہم میں ماہ جون میں راولپنڈی اور اسکی تحصیلوں سے 23500ٹن سے زائد کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگا دیا ہے۔جبکہ ماہ جولائی کا آغاز ہوتے ہی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عید الاضحی صفائی پلان کو حتمی شکل دینا شروع کردیا ہے۔ہر سال کی طرح اس بار بھی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہر کو آلائشوں سے پاک کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

ساتھ ساتھ صفائی و انسداد ڈینگی کیلئے بھی صفائی و آگاہی مہم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔گزشتہ روز حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے انسداد ڈینگی ڈے منایا۔را ولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ہیڈ آفس کے باہر انسداد ڈینگی آگاہی واک کی گئی۔

(جاری ہے)

ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اویس منظور تارڑ نے آگاہی واک کی قیادت کی ، شہریوں میں پمفلٹس تقسیم کرتے ہوئے ایم ڈی نے کہا کہ شہر کی صفائی کے زریعے ڈینگی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

جس طرح ہمارے ورکرز نے کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پر اہم کردار اداکیا اسی طرح ہم ڈینگی کیخلاف بھی پوری جانفشانی کیساتھ اپنا کردار ادا کرینگے۔ایم ڈی ویس منظور تارڑ کی ہدایت پر آر ڈبلیو ایم سی ہیڈآفس میں مچھروں کی روک تھام کیلئے بھرپور صفائی کی گئی۔پانی کی ٹینکی کو صاف کر کے کور کر دیاگیا۔واش روم اور دیگر جگہوں پر کھڑے پانی کو صاف اور خشک کر دیا گیا۔

، انسداد ڈینگی ڈے کے موقع پر شہر بھر میں خصوصی صفائی مہم کے تحت کنٹینرز صاف کیئے گئے۔گلی ،محلوں میں مکینیکل واشنگ اور سوئیپنگ کی گئی ۔نالیوں کی ڈی سلٹنگ کاکام بھی کیا گیا ۔خالی پلاٹوں کو صاف کرکے ڈینگی اور جراثیم کے خاتمے کیلئے چونے کا چھڑکائو کیا گیا۔اسی طرح راولپنڈی کی تحصیلوں کہوٹہ،گوجرخان،کلر سیداں،ٹیکسلا اور مری میں بھی یوم انسداد ڈینگی پر واک کا اہتمام کیا گیا ۔

اور مارکیٹ آگاہی مہم میں انسداد ڈینگی کے پیغام پر مشتمل پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔اویس منظورتارڑ نے شہرمیں صفائی اور آگاہی مہم کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کیا ۔آپریشنل سٹاف نے انہیںصفائی مہم پر بریفنگ دی، اس خصوصی صفائی مہم میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ورکرزنے ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن مہم میں گھر گھر جا کر کوڑا کرکٹ اکٹھا کیا اور اسے ڈمپ سٹیشن تک پہنچایا۔