Live Updates

گزشتہ حکومت نے سی پیک منصوبوں پر توجہ نہیں دی،عمران خان نے سیاسی انتقام میں ملک اور قوم کو نقصان پہنچایا ہے،گزشتہ حکومت نے ایک میگاواٹ بجلی بھی سسٹم میں شامل نہیں کی ، وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر

اتوار 3 جولائی 2022 20:40

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2022ء) وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے سی پیک منصوبوں پر توجہ نہیں دی،عمران خان نے سیاسی انتقام میں ملک اور قوم کو نقصان پہنچایا ہے،گزشتہ حکومت نے ایک میگاواٹ بجلی بھی سسٹم میں شامل نہیں کی ،عمران خان کی نااہلی کی وجہ سے ملکی معیشت شدید متاثر ہوئی ہے ،حکومت سنبھالی تو متعدد پاور پلانٹس بند پڑے تھے جنہیں فعال کیا جارہا ہے۔

گیپکو ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ملکی استحکام کیلئے دن رات کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سولر پینل کیلئے جامع پیکج تیار کیا جارہا ہے،وزیراعظم آئندہ چند روز میں سولر منصوبے کا اعلان کریں گے اور سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تربیلا پر پانی کا فلو بڑھا ہے جس سے آج ہم نے 6 سو میگاواٹ بجلی شامل کی ہے،اگلے دنوں میں تربیلا ڈیم اپنے پورے 3400 میگاواٹ بجلی پیدا کرنی شروع کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے دوران صنعت کو لوڈشیڈنگ کا سامنا نہیں کرنا پڑا،صنعتوں کوگزشتہ دو ماہ سے بلا تعطل بجلی فراہم کی جارہی ہے تاکہ لوگوں کا روزگار متاثر نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ عذاب عمرانی کے باعث ملک کو لوڈشیڈنگ سمیت متعدد مسائل درپیش ہیں۔انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ کروٹ پاور پلانٹ نے 29جون سے 720میگا واٹ بجلی کی پیداوار شروع کر دی ہے ۔

انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ تربیلا ڈیم کے پوری استطاعت کے ساتھ کام کرنے اور عید کی چھٹیوں کے دوران انڈسٹری کے بند ہونے کی وجہ سے صارفین کو عید کے دنوں میں لوڈ شیڈنگ کی مد میں واضح ریلیف ملے گا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ 58سو میگا واٹ کے بجلی کے منصوبے عمرانی حکومت کی نااہلی اور محض ایندھن کا بروقت انتظام نہ کرنے کی وجہ سے نہ چل سکے جس کی وجہ سے پاکستانی عوام کو لوڈشیڈنگ کا عذاب بھگتنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئلے سے بڑی مقدار میں بجلی پیدا کی جا سکتی ہے1214 میگا واٹ تھر کول کا میگا پلانٹ پاکستانی کوئلے سے چلنے والا ایک بڑا پلانٹ ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ سولر پینل پر ایک جامع پیکج کی تیاری ہو رہی ہے پوری کوشش ہے کہ گھریلو صارفین کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے تمام سرکاری عمارتوں کو درجہ بہ درجہ شمسی توانائی پر منتقل کریں گے اس حوالے سے متعدد اقدامات اُٹھا ئے جا رہے ہیں، آئندہ چند دنوں میں وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف سولر پراجیکٹ کا خود اعلان کریں گے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ لوڈشیڈنگ ایک فارمولے کے تحت ہوتی ہے ،بل دینے والے فیڈز پر لوڈشیڈنگ بہت کم ہو گئی ہے جبکہ نہ دینے پر لوڈشیڈنگ ہوگی ، 300 یونٹس بجلی استعمال کرنے والوں کو کم ریٹس پر بجلی فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے آخری سال بڑی ڈکیتی کی تھی اور آج جو بھی چیلنجز ہیں وہ ان ڈکیتیوں کی حکومت کی وجہ سے ہے جس کے سربراہ عمران خان ہیں۔

خرم دستگیر نے کہا کہ 11 ہزار 600 میگا واٹ کے بجلی بنانے کے منصوبے محمد نواز شریف کی قیادت میں شروع ہوئے،شہباز شریف کی حکومت آج چھٹی کے دن بھی کام میں مگن ہیں نئے بجلی بنانے کے منصوبے جو ہم نے اب شروع کئے ہیں وہ خارجی ایندھن کی بجائے داخلی ایندھن سے چلنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دو مہینوں میں صنعتوں کو ایک منٹ بھی بجلی بند نہیں ہوئی اور گھریلو صارفین نے لوڈ شیڈنگ برداشت کر کے جو قربانی دی ہے اس سے ہماری صنعتوں اور معیشت میں بہتری آئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات