واپڈا کے نئے منصوبوں سے35 ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے

اتوار 3 جولائی 2022 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2022ء) واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے10 نئے منصوبے شروع کئے ہیں جن کی تعمیر کے دوران تقریبا 35 ہزار ملازمتوں کے مواقع فراہم ہوں گے۔ واپڈا کے ذرائع نے بتایا کہ ان منصوبوں سے پن بجلی کی پیداواری صلاحیت 18 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرجائے گی9 ہزار میگاواٹ کا اضافہ بھی کیا جاسکے گا۔

واپڈا نے ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت کو 13 ملین ایکڑ فٹ سے بڑھا کر24 ملین ایکڑ فٹ تک بڑھانے کے لیے10 منصوبے شروع کیے ہیں جو مزید 1.6 ملین ایکڑ اراضی کو سیراب کرنے کے لیے بھی کافی ہوں گے۔ واپڈا کے منصوبوں میں پانچ ڈیم، تین ہائیڈرو پاور پراجیکٹس، ایک کینال اور ایک واٹر سپلائی سکیم شامل ہیں جو زیر تعمیر ہیں جو2023 سے2029 تک مرحلہ وار مکمل ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دیامر بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم، داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ، نئی گج ڈیم، کچھی کینال کی توسیع، سندھ بیراج، اورکے۔ IV پراجیکٹ ان منصوبوں میں شامل ہیں۔ پاکستان میں پانی کی فی کس دستیابی 5650 کیوبک میٹر سے گھٹ کر 908 کیوبک میٹر سالانہ کی خطرناک سطح پر آگئی ہے، جس نے ہمیں پانی کی کمی والے ممالک میں شامل کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی سے نمٹنے کے لیے ہمیں پانی کے تحفظ اور انتظام کی اچھی حکمت عملیوں پر عمل کرنے کے علاوہ پانی کا زیادہ ذخیرہ کرنے کی ضرورت ہے۔