منی لانڈرنگ کیس ؛ مونس الٰہی اور دیگر ملزمان کو ضمانت میں توسیع مل گئی

اگلی تاریخ تک تفتیش مکمل ہونی چاہیے ، ملزمان کے وکیل تیاری کرکے آئیں۔ عدالت کی ہدایت

Sajid Ali ساجد علی پیر 4 جولائی 2022 10:29

منی لانڈرنگ کیس ؛ مونس الٰہی اور دیگر ملزمان کو ضمانت میں توسیع مل گئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 جولائی 2022ء ) عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ ق کے رہنماء مونس الٰہی اور دیگر ملزمان کی ضمانت میں توسیع کردی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کی بینک عدالت میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کے خلاف 24 ارب کی منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت ہوئی جہاں مونس الٰہی سمیت شریک ملزمان محمد خان بھٹی اور واجد احمد عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

بتایا گیا ہے کہ دوران سماعت ایف آئی اے نے عدالت میں بیان دیا کہ ملزم کیس میں شامل تفتیش ہوگئے ہیں اور کیس کا 47 فیصد ریکارڈ آچکا ہے ، ہم واؤچرز دیکھ رہے ہیں ، تفتیش مکمل کرنے کے لیے وقت درکار ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے دیے گئے بیان پر عدالت نے کہا کہ عبوری ضمانت کو غیر معینہ مدت تک التوا میں نہیں رکھ سکتے، اگلی تاریخ تک تفتیش مکمل ہونی چاہیے ، ملزمان کے وکیل تیاری کرکےآئیں ، اس کے ساتھ ہی عدالت نے مونس الٰہی اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 14 جولائی تک توسیع کردی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ مونس الہی ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ کیس میں شامل تفتیش ہوگئے تھے ، سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہی نے اپنی ضمانت کی روبکار ایف آئی اے میں جمع کرائی اور وہ ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں شامل تفتیش ہوگئے ۔ بتاتے چلیں کہ ایف آئی اے مونس الہی اوردیگر کے خلاف رحیم یار خان شوگر ملز میں منی لانڈرنگ کے الزام پر چھان بین کر رہاہے،مونس الہی نے 23 جون کو بھی ایف ائی اے کے سوالنامہ کے جوابات جمع کرائے تھے،ایف آئی اے نے مختلف سوالات پر مشتمل سوالنامہ مونس الہی کو دیا تھا جب کہ لاہور کی بینکنگ عدالت نے مونس الہی کی 4 جولائی تک عبوری ضمانت منظور کر رکھی ہے،عدالت نے ایف آئی اے کو مونس الہی کو گرفتارکرنے سے بھی روک دیا تھا۔

گزشتہ دنوں ایف آئی اے نے مونس الہی کے خلاف رحیم یار خان شوگر ملز میں منی لانڈرنگ کے الزام پر مقدمہ درج کیا تھا، مونس الہی ایف آئی اے کے دفتر میں بھی پیش ہوئے تھے، مونس الہیٰ کا پیشی کےبعد میڈیا سے گفتگو میں کہناتھا کہ ایف آئی اے کی جانب سے مجھ سے ساڑھے 4 گھنٹے تفتیش کی گئی، جو سوالات پوچھے گئے میں نے ان سب کا جواب دیا، آج کہہ دوں کہ ن لیگ کا ساتھ دوں گا تو میرے خلاف ایف آئی آرز بھی ختم ہو جائیں گی۔