الشفا ٹرسٹ کےبلوچستان میں فری آئی کیمپس ، ہزاروں غریب مریضوں کامفت علاج اورآپریشن کئے گئے

پیر 4 جولائی 2022 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2022ء) الشفا ٹرسٹ آئی ہاسپٹل کی جانب سے گوادر اور پاک ایران سرحد پر واقع علاقہ جیوانی میں فری آئی کیمپس کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں مریضوں کا علاج جبکہ سینکڑوں آپریشن کئے گئے۔ا لشفا ٹرسٹ آئی ہاسپٹل کی جانب سے پیر کو جاری تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور آرمی کی44 میڈیکل بٹالین نے 22 ممبران پر مشتمل الشفا ٹرسٹ کی ٹیم کی بھرپور مدد کی۔

ڈی جی آئوٹ ریچ پروگرام الشفا ٹرسٹ کرنل (ریٹائرڈ) طارق عثمان نے کہا کہ کیمپوں میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں لوگوں کے ٹیسٹ کئے گئے، سینکڑوں آپریشن کئے گئے اور بہت سے لوگوں کو مفت ادویات اور عینکیں دی گئیں۔ پیچیدہ مسائل میں مبتلا مریضوں کو بیس ہسپتالوں کو ریفر کیا گیا تاکہ ان کی بینائی بچائی جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے دوبارہ سر اٹھانے کی وجہ سے کووڈ ٹیسٹ بھی کئے گئے۔

علاقے کے عمائدین اور مقامی لوگوں نے الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال کی جانب سے مفت سرجیکل آئی کیمپس کا اہتمام کرنے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ہمارے لوگوں کی اکثریت کے پاس شہروں،سفر اور علاج کے لئے درکار وسائل کی کمی ہے۔ کرنل (ر) طارق عثمان نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر گوادر کیپٹن (ر) جمیل احمد، او جی ڈی سی ایل کے اکرام اللہ کانسی، ڈی ایچ او گوادر، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال اور آئی سپیشلسٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال گوادر نے اس سلسلہ میں بھرپور تعاون کیا جس پر انکے شکر گزار ہیں۔

انھوں نے کہا کہ فری آئی کیمپ کے حوالے سے رپورٹ ٹرسٹ کے صدر کو پیش کر دی گئی ہے۔ ٹرسٹ نے 1992میں دیہی آبادی کو مفت خدمات کی فراہمی کے لئے آئوٹ ریچ پروگرام شروع کیا جس دوران اب تک دس لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے جس میں چھ ہزار آپریشن اور ایک لاکھ چشموں کی مفت فراہمی شامل ہے۔