وزیراعلی سندھ سے چین کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سی ٹی ڈی کی قیادت میں 13 رکنی وفد کی ملاقات

ملاقات میں سندھ میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی اور جامعہ کراچی میں خودکش حملے کی تحقیقات میں پیشرفت پر تبادلہ کیاگیا سی پیک کی سیکیورٹی کاکام ایس ایس ڈی کی 441بریگیڈ کی جانب سے کیا جارہا ہے اور اسے سندھ پولیس کے اسپیشل پولیس یونٹ کی مدد حاصل ہے،وزیراعلی سندھ

پیر 4 جولائی 2022 17:49

وزیراعلی سندھ سے چین کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سی ٹی ڈی کی قیادت میں 13 رکنی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2022ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے چین کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سی ٹی ڈی مسٹر گا فی (Gao Fei)کی قیادت میں 13 رکنی چینی وفد نے ملاقات کی، اور صوبہ سندھ میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی اور جامعہ کراچی میں خودکش حملے کی تحقیقات میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، سیکریٹری داخلہ سعید منگنیجو، ایڈیشنل آئی جی (سی ٹی ڈی)عمران یعقوب منہاس اور وزیراعلی کے اسپیشل سیکریٹری رحیم شیخ نے شرکت کی۔

چینی وفد کے ارکان میں کراچی میں چین کے قونصل جنرل مسٹر لی بیجیان (Li Bijian)، چائنہ ایمبیسی میں پولیس قونصلر لی چنگ چن (Li Qingchun) ، ٹیکنیکل ماہر مسٹر لی ژی گانگ (Li Zhigang)، سی ٹی ڈی کے ایم پی ایس لی ژا گوانگ (Li Xiaoguang) ، ڈائریکٹر، سائبر سیکیورٹی کے ٹیکنیکل ایکسپرٹ ما جِنگ چا (Ma Jingchao)، شنگھائی پولیس اتھارٹی کے پی لی اچی (Pei Lianxi) اور دیگرشامل تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ محکمہ پولیس کے جمع کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 3637 چینی سندھ میں CPEC کے آٹھ منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 3361 چینی ماہرین کی حفاظت کیلئے 1500 پولیس اہلکار، 517 آرمی کے جوان، 173 رینجرزاہلکار، 28 ایف سی اہلکار اور 1143 نجی سکیورٹی گارڈز تعینات ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سی پیک کی سیکیورٹی کاکام ایس ایس ڈی کی 441 بریگیڈ کی جانب سے کیا جارہا ہے اور اسے سندھ پولیس کے اسپیشل پولیس یونٹ کی مدد حاصل ہے۔

وزیراعلی سندھ کے مطابق 21 حکومتی اسپانسرڈ(نان سی-پیک)منصوبے ہیں جن میں این ای ڈی یونیورسٹی اور کراچی یونیورسٹی شامل ہیں اور 194 پرائیویٹ اسپانسرڈ (نان سی پیک)منصوبے ہیں جہاں 2879 چینی باشندے کام کر رہے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ انکی حکومت انہیں سکیورٹی بھی فراہم کر رہی ہے۔کراچی یونیورسٹی خودکش حملہ کیس کی پیش رفت کے حوالے سے آئی جی پولیس غلام نبی میمن نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کیس کی مختلف پہلں سے تفتیش میں تکنیکی اور زمینی حقائق سے استفادہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی انٹیلی جنس ٹیم کی کوششوں سے ایک اہم ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تحقیقات کی تفصیلات چینی متعلقہ حکام کے ساتھ شیئر کر دی گئی ہیں۔چینی وفد نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ وہ سی ٹی ڈی اور سندھ پولیس کی اسپیشل برانچ کو تکنیکی طور پر مضبوط کررہے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے تعاون پر چینی حکام کا شکریہ ادا کیا۔