چوہدری مونس الٰہی و دیگر کی عبوری ضمانت میں 14 جولائی تک توسیع

پیر 4 جولائی 2022 18:21

چوہدری مونس الٰہی و دیگر کی عبوری ضمانت میں 14 جولائی تک توسیع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2022ء) لاہور کی بینکنگ جرائم عدالت نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری مونس الٰہی و دیگر دو ملزمان کی عبوری ضمانت کی معیاد میں 14جولائی تک توسیع کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت تک تفتیش مکمل کرنے کا حکم دے دیا ۔ پیر کو سماعت پر چوہدری مونس الہی، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور واجد بھٹی عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر توسیع کے حصول کے لئے عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔

عدالتی استفسار پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ کمپنی کے شیئر ہولڈرز اور دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں، اس کے بعد تعین کیا جائے گا کہ مونس الہی کا کیا رول ہے،ریکارڈ 45 فیصد آچکا ہے، دس سال سے پہلے کا ریکارڈ بینک ضائع کر دیتے ہیں اس لیے مسائل آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ اگلی تاریخ پر تفتیش اور ریکارڈ مکمل ہونا چاہیے۔

عدالت نے چوہدری مونس الٰہی سمیت دیگر تین ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 14 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر مکمل تفتیشی رپورٹ طلب کرلی ۔ ایف آئی اے نے مونس الٰہی کیخلاف رحیم یار خان شوگر ملز میں منی لانڈرنگ کے الزام پر مقدمہ درج کیا ہے جس میں ایف آئی اے نے مونس الہی پر دیگر دو ملزمان کی مدد سے 24 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام لگایا ہے ۔