Live Updates

پنجاب حکومت نے صوبے میں 100 یونٹ تک استعمال کرنیوالے گھریلو صارفین کو مفت بجلی دینے کا اعلان

پچھلے 6 ماہ میں جنہوں نے 100 یونٹ بجلی استعمال کی ہے، پنجاب حکومت انہیں مفت بجلی فراہم کرے گی، 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے بل کا خرچہ اگست سے پنجاب حکومت اٹھائے گی، حمزہ شہباز

پیر 4 جولائی 2022 22:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2022ء) پنجاب حکومت نے صوبے میں 100 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو مفت بجلی دینے کا اعلان کردیا۔ پچھلے 6 ماہ میں جنہوں نے 100 یونٹ بجلی استعمال کی ہے، پنجاب حکومت انہیں مفت بجلی فراہم کرے گی، 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے بل کا خرچہ اگست سے پنجاب حکومت اٹھائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ہمیں عوام کی مشکلات کا احساس ہے، 74سال بعد قوم ایک دہرائے پر کھڑی ہے، سیاست نہیں ریاست کو بچانا ہے معیشت کو بچانا ہے، مجبوری کے تحت سخت فیصلے کیے گئے، آج ہمیں اس ملک کو بچانا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پرکڑوے فیصلے دل پرپتھر رکھ کرکیے، میں آج تین مہینوں کا حساب دینے آیا ہوں، میں جب تک وزیر اعلی رہوں گا سچی بات کروں گا،چور ڈاکو کے نعرے نہیں لگاؤں گا ، میرا پچھلے تین مہینے کا سفر آئینی اور قانونی بحرانوں سے بھرا پڑا ہے، آج بین الاقوامی منڈی میں گندم کی قیمت ساڑھے پانچ ہزار فی من سے زیادہ ہوچکی ہے، ہم نے 50 لاکھ ٹن گندم خرید کر اپنے اسٹاک پورے کیے۔

(جاری ہے)

میں کبھی عمران نیازی کی طرح یہ نہیں کہوں گا نوے دن میں سب مسئلے حل ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ آج پاکستانی قوم سے اور صوبے کی عوام سے چند باتیں کرنا چاہتا ہوں، جب بجلی کا بل آتا ہے تو قیامت ڈھاتا ہے، پچھلے 6 ماہ میں جنہوں نے 100 یونٹ بجلی استعمال کی ہے، پنجاب حکومت انہیں مفت بجلی فراہم کرے گی، 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے بل کا خرچہ اگست سے پنجاب حکومت اٹھا ئے گی۔

پنجاب بھر میں 100 یونٹس سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کی اوسط 44 لاکھ سے 90 لاکھ خاندان سالانہ بنتی ہے، ایک خاندان کے 6 افراد بھی شامل کریں تو ساڑھے پانچ کروڑ صوبے کی عوام کا جو غریب ترین طبقہ ہے اور صوبے کی آدھی آبادی بنتی ہے۔ہم ضرورت مند افراد کو سولر پینل مفت فراہم کریں گے، اجالا پروگرام کے ذریعے ضرورت مندوں کو مفت سولر پینل دیں گے، پنجاب حکومت نے سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے 100 ارب روپے رکھے ہیں، اس سے 90 لاکھ خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔

آج کے بعد 100 یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو بجلی کا بوجھ اٹھانے کی فکر سے آزاد ہوجانا چاہیے۔انہوں نے کہ آج بین الاقوامی منڈی میں گندم کی قیمت ساڑھے پانچ ہزار فی من سے زیادہ ہوچکی ہے، ہم نے 50 لاکھ ٹن گندم خرید کر اپنے اسٹاک پورے کیے، مجھے لوگوں نے کہا کہ کابینہ کے بغیر آپ 200 ارب روپے کی سبسڈی دینے جارہے ہیں، کل کو نیب والے پوچھیں گے کہ آپ نے کیوں اتنی بڑی سبسڈی بغیر کابینہ کے دی تو کل آپ کر مقدمہ بنے گا۔

اگر آج میں یہ فیصلہ نہیں کروں گا تو کل کو اپنے ضمیر کو کیا جواب دوں گا، ہم نے 10 کلو آٹے کے تھیلے پر 160 روپے کا ریلیف دیا۔ انہوں نے کہا کہ غربت، بے روزگاری، مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے عوام کو دوبارہ سے اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے، سسکتی ہوئی معیشت کو دوبارہ بحال کرنا ہے۔ دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کہ جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت 2018 میں آئینی مدت پوری کرکے جارہی تھی کیا اس وقت شرح نمو 5.8 فیصد نہیں تھا، کیا 22، 22 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ زیرو پر نہیں تھی، آج ایسا کیا ہوگیا کہ معیشت صفر اعشاریہ صفر ہوگئی، کیوں آج لوڈشیڈنگ دوبارہ ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے جن کوبھی آہستہ آہستہ بوتل میں بند کریں گے، آئی ایم ایف کا پروگرام چلے گا،انٹرنیشنل ڈونر آئیں گے، ہمارے دوست ممالک مدد کریں گے، وقت آئیگاجب معیشت اپنے ٹریک پربحال ہوگی، ریلیف سستے آٹے سے شروع ہوا، پھرمفت دوائیں اور اب مفت بجلی دے رہے ہیں۔ حمزہ شہباز اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا شروع کردہ منصوبہ صحت کارڈ جس کا نام انصاف صحت کارڈ رکھ دیا تھا، آج لیہ، مظفر گڑھ، ملتان غریب آدمی صحت کارڈ لے کر جاتا ہے، ڈاکٹر کہتا ہے کہ آپ جائیں یہ دوائیوں کو نسخہ ہے، صحت کارڈ کو ہم نہیں مانتے، دوائیاں باہر سے لے کر لائیں، اس کو اپنی جیب سے ادویات لینا پڑتی ہیں۔

آج پنجاب کے تمام اضلاع کے ہسپتالوں میں کینسر سمیت دیگر ادویات لوگوں کو مفت مل رہی ہیں۔ ہم نے دن رات محنت کرکے بلدیاتی انتخابات کا قانون بھی اسمبلی سے منظور کروایا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ میں نے کمٹمنٹ کی ہے کہ انتقامی کارروائی نہیں ہوگی، ہم ثبوت پہلے پیش کریں گے، پریس کانفرنس بعد میں کریں گے، قوم ان کو 17 جولائی کو آئینہ ضرور دکھائیگی، توشہ خانہ، فارن فنڈنگ اور فرح گوگی کے اربوں کے غبن کاعمران نیازی حساب دیں، 60کروڑ روپے کا پلاٹ حاصل کرنے کے لیے جعلی کمپنی بنائی گئی، عوام کے سامنے ہرکیس کے حقائق آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام تنگ آ چکے ہیں سازش کا بیانیہ سن سن کر، غریب کا جھونپڑا گرادیا اور اپنے بنی گالا محل کو ریگولرائز کرالیا، ہماری نیت ہے پاکستان کو دوبارہ وہیں لائیں جہاں ترقی کاسفر رکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں جب تک وزیر اعلی رہوں گا سچی بات کروں گا،چور ڈاکو کے نعرے نہیں لگاؤں گا ، میرا پچھلے تین مہینے کا سفر آئینی اور قانونی بحرانوں سے بھرا پڑا ہے، کبھی وزیراعلیٰ کے انتخاب کا اجلاس بلایا جاتا ہے کبھی ملتوی کردیا جاتا ہے، تین چار مرتبہ اجلاس ملتوی ہوئے، ڈپٹی اسپیکر پر جان لیوا حملہ ہوتا ہے، کبھی سنا ہے کہ پنجاب میں دو مہینے کابینہ ہی نہ بنی ہو۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈونلڈ لو کل تک سب سے بڑا غدار تھا اب اس سے معافی مانگی جارہی ہے، میں کہنے پر مجبور ہوں کیونکہ ملک، عوام، سسٹم کا معاملہ ہے، لوگ سازش کا بیانیہ سن سن کر پک چکے ہیں۔ حمزہ شہباز نے کہا ریاست مدینہ میں گھڑیوں کی لائن لگ گئی، دوست ممالک نے جو کروڑوں کی گھڑیاں دیں اس پیسے کو آپ نے اپنی جیب میں ڈالا اور عوام کو جواب نہیں دیا۔

ابھی فارن فنڈنگ کا کیس بھی آئے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آج بجلی مہنگی ہے اور غریب کا کچن مشکل سے چل رہا ہے، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرکے لاکھوں لوگوں کی نوکریاں یہ عمران نیازی کھا گیا، اس نے غیر قانونی تجاوزات کی آڑ میں لاکھوں گھر گرا دیئے اور اپنا بنی گالا کے محل کو ریگولائزر کروالیا۔ ہم نے سخت فیصلے ضرور کیے ہیں لیکن ہر مشکل کے بعد آسانی ہے، انشااللہ دن رات محنت کریں گے اور اس ملک کی ڈوبتی ہوئی معیشت کو ڈگر پر لائیں گے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ چار سال کے مقابلے میں تین ماہ کی کارکردگی اور اس میں بھی آئینی بحرانات رہے، ہم مقابلہ کریں گے، سی پیک میں 50 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہورہی تھی، ان لوگوں نے سی پیک کو بھی انتقام کا نشانہ بنایا، چین بھی دوبارہ سرمایہ کاری کا آغاز کرے گا اور نئی ترقی کا سفر شروع ہوگا، آج ہمیں اس ملک کو بچانا ہے۔ 60 کروڑ کے پلاٹ کو حاصل کرنے کے لیے جعلی کمپنی بنائی گئی، جعلی سرٹیفکیٹ دیا گیا کہ یہ کمپنی 2 ارب روپے کی ہے، تمام حقائق عوام کے سامنے آئیں گے، انتقامی کارروائی نہیں کریں گے۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ 17 جولائی کو قوم عمران نیازی کو آئینہ ضرور دکھائے گی، عمران نیازی آپ پہلے توشہ خانہ، فارن فنڈنگ، فرح گوگی کی اربوں کی غبن کا حساب دیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات