پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے آئین اور جمہوریت کا بھرپور دفاع کیا ہے،آصف زرداری

پیر 4 جولائی 2022 23:20

پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے آئین اور جمہوریت کا بھرپور دفاع ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2022ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نی5جولائی یوم سیاہ کے موقع پر مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو، شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو سمیت ان تمام سیاسی کارکنوں ، طالب علموں، مزدوروں اور صحافیوں کو خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کیا ہے جنہوں نے 1973ئ کے آئین اور جمہوریت کی بحالی کے لئے شہادتیں قبول کیں، کوڑے کھائے، جبر اور تشدد برداشت کیا۔

اپنے پیغام میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا۔ جب بھی آئین اور جمہوریت پر حملہ ہوا ہے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے آئین اور جمہوریت کا بھرپور دفاع کیا ہے۔

(جاری ہے)

سابق صدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ملک اور عوام کے لئے مشکلات بھی برداشت کی ہیں اور مشکل فیصلے بھی کئے ہیں۔

سابق صدر نے کہا کہ ملک اور عوام آج ایک بار پھر مشکلات سے نکل کر درست سمت کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام جمہوری قوتوں کو اکٹھا ہو کر اتفاق رائے سے فیصلے کرکے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کے لئے کام کرنا ہوگا۔ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر نے کہا کہ جمہوریت ہمیں کبھی بھی تحفے میں نہیں ملی بلکہ جمہوریت کی خاطر پیپلزپارٹی کے جیالوں نے تختہ دار بھی قبول کیا ہے، بارودی سرنگوں کو بھی عبور کیا ہے اور اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر جمہوریت کو فتحیاب کیا ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ انتہائی حوصلہ افزا امر ہے کہ پوری قوم 1973ئ کے آئین پر یقین رکھتی ہے۔ یہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں کی عظیم جدوجہد کا ثمر ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کر رہے ہیں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے افکار کے مطابق جمہوریت کو مضبوط کرکے ملک کو فلاحی ریاست بنائیں گے۔