عمران ریاض خان کو گرفتار کر لیا گیا

معروف صحافی اور اینکرپرسن کو پنجاب پولیس کی جانب سے اسلام آباد ٹول پلازہ سے حراست میں لیا گیا

muhammad ali محمد علی منگل 5 جولائی 2022 23:03

عمران ریاض خان کو گرفتار کر لیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جولائی2022ء) عمران ریاض خان کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے معروف صحافی عمران ریاض خان کو پنجاب پولیس کی جانب سے گرفتار کر لیے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔ سینئر صحافی کے وکیل میاں علی اشفاق کی جانب سے اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر پیغام جاری کیا گیا۔

میاں علی اشفاق کے مطابق عمران ریاض کو پنجاب پولیس کی جانب سے اسلام آباد ٹول پلازہ سے حراست میں لیا گیا۔

عمران ریاض خان کی گرفتاری اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے حکم کی واضح خلاف ورزی ہے۔ اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے مطابق عمران ریاض خان کو اٹک پولیس کی جانب سے گرفتار کیا گیا، گرفتاری کے وقت اسلام آباد ٹول پلازہ پر پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد کے ہمراہ پولیس افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

جبکہ گرفتاری کے وقت عمران ریاض خان کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔



گرفتاری سے کچھ لمحات قبل ریکارڈ کروائی گئی ویڈیو میں عمران ریاض خان نے کہا کہ میرے پر 30 مقدمے کر دیئے اور اسلحہ چھین لیا، گرفتاری کرنی ہےتوکرلیں، گرفتاری کا تجربہ کرنا ہے تو یہ بھی کر لیں میں تیار ہوں، سب صحافیوں کو پیغام ہےکچھ بھی ہو جائے اپنا کام جاری رکھیں۔ مجھے جان سے بھی مار دیا جائے تو فکر نہیں، اپنا کام کرتا رہوں گا۔ اپنی ضمانت کرانے کیلئے اسلام آباد آ رہا تھا کہ اسلام آبادٹول پلازہ پر مجھےگرفتار کیا جا رہا ہے۔ جسٹس اطہرمن اللہ ہدایت کرچکےہیں کہ گرفتاری نہیں کی جاسکتی تاہم ضمانت کے لیے اسلام آباد آ رہا تھا کہ ٹول پلازہ پر گرفتار کرلیا گیا۔