این اے 245 میں الیکشن کی تاریخ تبدیل کرنے سے متعلق پی ایس پی کی درخواست پرایڈوکیٹ جنرل سندھ اور دیگر طلب

بدھ 6 جولائی 2022 16:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2022ء) سندھ ہائی کورٹ نے عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد این اے 245 میں الیکشن کی تاریخ تبدیل کرنے سے متعلق پی ایس پی کی درخواست پرایڈوکیٹ جنرل سندھ، الیکشن کمیشن کے وکیل و دیگر فریقین کو طلب کرتے ہوئے سماعت 15 جولائی تک ملتوی کردی۔سندھ ہائیکورٹ میں معروف اینکر عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد این اے 245 میں الیکشن کی تاریخ تبدیل کرنے سے متعلق پی ایس پی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ الیکشن کمیشن نے جواب جمع کرایا ہے کہ تیاریاں مکمل ہے اور محرم الحرام شروع ہونے والا ہے، تاریخ تبدیل نہیں ہوسکتی۔ محرم الحرام قابل احترام مجالس ویسے شام کو ہوتی ہیں۔ اس پہلے بھی انتخابات رمضان المبارک میں ہوچکے ہیں جبکہ ہم نے اس وقت بھی استدعا کی تھی تاریخ تبدیل کی جائے۔

(جاری ہے)

عوام کی سہولت کو دیکھنا چاہئیے۔

اس سے پہلے بھی حلقہ این اے 240 میں ٹرن آٹ بہت کم تھا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے لیکن انتخاب تو ہوا اور جو جیتا وہ رکن بھی بنا۔ حسان صابر ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ ووٹنگ کا تناسب انتہائی کم تھا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ایڈوکیٹ جنرل سندھ، الیکشن کمیشن کے وکیل و دیگر فریقین کو طلب کرتے ہوئے سماعت 15 جولائی تک ملتوی کردی۔ درخواستگزار پی ایس پی کے مرکزی رہنما ارشد وہرا نے ایڈووکیٹ حسان صابر کی توسط سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ این اے 245 میں الیکشن 27 کے بجائے 31 جولائی اتوار کے دن رکھا جائے۔ تاکہ عوام حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔