Live Updates

عمران خان کی ذہنی حالت تشویشناک،توازن کھو بیٹھے ہیں،مریم اورنگزیب

جب بھی کرپشن اور آڈیو ل یکس آئی ہیں تو انہیں ’’بتانا‘‘ یاد آ جاتا ہے،بشری بی بی نے اداروں کیخلاف مہم چلائی،وزیر اطلاعات ونشریات sعمران خان فرح گوگی اور بشریٰ بی بی کی ہیروں، زمینوں، تقرریوں کے بارے میں ٹرانزیکشن کا بتائیں،اپنی سیاست کے لئے معیشت، عوام اور ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا، انہیں شرم آنی چاہئے،پریس کانفرنس

بدھ 6 جولائی 2022 18:23

عمران خان کی ذہنی حالت تشویشناک،توازن کھو بیٹھے ہیں،مریم اورنگزیب
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جولائی2022ء) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی ذہنی حالت تشویشناک ہو چکی ہے ،وہ اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں اسی لئے وہ ایسی گفتگو کر رہے ہیں، ڈھونگ رچا کر اور دھوکہ دے کر پاگل بنا ہوا ہے،جب بھی کرپشن کی بات کرتے ہیں تو انہیں ’’بتانا‘‘ یاد آجاتا ہے،بشریٰ بی بی نے اداروں کے خلاف مہم چلائی ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ وہی شخص ہے جو کہتا تھا کہ مجھے ڈالر کی قیمت میں اضافے کا ٹی وی سے پتہ چلتا ہے، یہ کہتا تھا کہ میں حکومت میں آلو، پیاز، ٹماٹر کے نرخ مانیٹر کرنے نہیں آیا،کل یہ کہہ رہے تھے کہ میں بتا دوں گا کہ کس طرح حکومت آئی ہے، جب بھی ان کے خلاف کوئی ثبوت، خبر، کرپشن کا سکینڈل آتا ہے تو انہیں بتانا یاد آ جاتا ہے، انھوں نے کہا کہ عمران خان کو 8 مارچ کو سائفر آیا، 28 مارچ کو انہوں نے بتایا، آج بتا دوں کہنے والا شخص اس وقت اس پر خاموش اس لئے رہا کہ وہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی یا ناکامی کا انتظار کر رہا تھا، عمران خان آر ٹی ایس کو بٹھا کر اور عوام کا مینڈیٹ چوری کر کے وزیراعظم بنا، چار سال اقتدار کی کرسی پر بیٹھ کر جھوٹ بولنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، انہوں نے کہاکہ 2018ء میں جب وہ ملک کا وزیراعظم بنا تو ایک کروڑ نوکری، پچاس لاکھ گھردینے کا جھوٹ بولا،مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے ہر نکتہ پر افراتفری پھیلانے کی کوشش کی، آتے ہی سیاسی مخالفین کو جیلوں میں بند کرنا شروع کیا ،عمران خان عوام کو بتائیں کہ رانا ثناء اللہ پر دو کلو ہیروئن کا پلان کس طرح بنایا تھا عوام کو بتائیں کہ شہباز شریف پر جھوٹے مقدمات قائم کر کے انہیں جیلوں میں کس طرح ڈالا، پھر ڈیوڈ روز کو بلا کر وزیراعظم ہائوس کے کمرے میں بٹھا کر کس طرح سازش کا بیانیہ بنانے کی کوشش کی،عوام کو بتائیں کہ شہباز شریف کے خلاف انہوں نے نیشنل کرائم ایجنسی سے رابطہ کیا اور عدالتوں میں ثبوت پیش نہیں کر سکے،عدالت نے فیصلہ دیا کہ کوئی کرپشن، منی لانڈرنگ، کک بیکس یا کسی ناجائز اختیار کا استعمال نہیں ہوا، نیشنل کرائم ایجنسی سے دس سال کے ڈیٹا کی انکوائری کروائی، وہاں سے بھی فیصلہ آیا کہ کوئی منی لانڈرنگ اور کرپشن نہیں ہوئی،عوام کو بتائیں کہ شہزاد اکبر کی سربراہی میں کس طرح ایسٹ ریکوری یونٹ ایسٹ میکنگ یونٹ بنا،عوام کو بتائیں کہ کس طرح نیب کو استعمال کر کے کاروباری افراد کو تنگ کیا، ایف آئی اے کو استعمال کر کے کس طرح چار سال سیاسی انتقام لیا جاتا رہا عوام کو بتائیں کہ مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف کیس بنا کر انہیں جیلوں میں کس طرح ڈالاگیا، انہوں نے کہا جس وقت انہیں سستی ایل این جی مل رہی تھی انہوں نے نہیں خریدی، وہ سستے منصوبے جو ایل این جی پر چل رہے تھے آج ان کی نالائقی کی وجہ بند ہیں، یہ تمام چیزیں عوام کو بتائیں کہ کس طرح سعد رفیق، خواجہ آصف، احسن اقبال کو سپورٹس کمپلیکس بنانے پر جیل میں ڈالا گیا ، عوام کو بتائیں کہ کس طرح اپنے دستخطوں سے آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی کی چوری کی، عوام کو بتائیں کہ کس طرح پٹرول اور گیس کے مافیا کو فائدہ پہنچایا، 2013، سے 2018ء سے کوئی منصوبہ فرنس آئل پر نہیں چل رہا تھا، اس کے بعد کیوں استعمال ہوا، کیوں بجلی کے منصوبے تاخیر کا Zشکار ہوئی انہوں نے کہا عوام کو بتائیں کہ کس طرح انہوں نے اپنے ایک دستخط سے چینی کو ایکسپورٹ کیا، پھر امپورٹ کیا اور قلت پیدا کی چینی کی قیمت 52 روپے سے بڑھا کر 120 روپے کلو کی، خواتین نے رمضان المبارک میں قطاروں میں کھڑے ہو کر انگوٹھوں کے نشان لگا کر ایک کلو چینی خریدی، عوام کو بتائیں کہ عدم اعتماد کے ڈر سے کس طرح پٹرول پر سبسڈی دے کر معاشی سرنگیں بچھائیں، آئی ایم ایف کے پاس کمزور بنیادوں پر گئے، اس معاہدے پر عمل درآمد نہیں کیا جس کی وجہ سے آج ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑے،انہوں نے کہا عمران خان نے حمزہ شہباز کو 22 مہینے جیل میں رکھا اور ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے، آج کہتے ہیں کہ پوری کابینہ ضمانت پر ہے، وہ اس لئے ہے کہ آپ نے جھوٹے مقدمے بنائے، ان کا مقصد یہی تھا کہ سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالو،انہوں نے کہا عمران خان فرح گوگی اور بشریٰ بی بی کی ہیروں، زمینوں، تقرریوں کے بارے میں ٹرانزیکشن کا بتائیں، انھوں نے یہ بھی کہا کہ جب آڈیو لیک آئی تو عمران خان کو بتانا یاد آ گیا، جب بھی ان کے کرپشن کے ثبوت آتے ہیں تو انہیں بتانا یاد آ جاتا ہے،بشریٰ بی بی اداروں کے خلاف مہم چلانے کی ہدایت دیتی ہیں ، عمران خان کے خلاف جب کرپشن کے ثبوت سامنے آئیں تو وہ لوگوں پر غداری کے مقدمے بناتے ہیں، انہوں نے کہا زمینی حقائق یہ ہیں کہ انہوں نے بشریٰ بی بی کی ہدایت پر 28 مارچ کو سائفر نکالا ، اسے غداری سے منسلک کرنے کیلئے بیانیہ بنانے کی کوشش کی جا رہی تھی،اپنی سیاست کے لئے معیشت، عوام اور ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا، انہیں شرم آنی چاہئے، عمران خان کو بتانا تھا تو ان کے پاس چار سال تھے، اب جب ان کے خلاف ثبوت آئے ہیں تو وہ عوام کو کیا بتائیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات