ہالینڈ کے سفیر کی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی سے ملاقات

کمشنر لاہور اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے انڈر 13لاہور ڈویژن ہاکی لیگ کا انعقاد خوش آئند ہے، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی‘ وئوٹر پلومپ

بدھ 6 جولائی 2022 23:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2022ء) ہالینڈ کے سفیر مسٹر وئوٹر پلومپ نے گزشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم اور سپورٹس بورڈ پنجاب کی ای لائبریری کا دورہ کیا، اس موقع پر کمشنر لاہور ڈویژن کیپٹن (ر)محمد عثمان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی سے ملاقات کی ، ملاقات میں ہاکی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ ، اولمپیئن خواجہ جنید،توقیر ڈار،ہاکی آرگنائزر جنید چٹھہ ،ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر،ڈائریکٹریوتھ افیئرز عمیر حسن اور بلال اکرم بھی موجود تھے، ہالینڈ کے سفیر مسٹر وئوٹر پلومپ نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم کے دورے کے دوران خواجہ جنید سپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی اکیڈمی کے پریکٹس کرنیوالے کھلاڑیوں کے ساتھ ہاکی بھی کھیلی، کھلاڑیوں کی کے ٹیلنٹ اور کھیل کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ کمشنر لاہور اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے انڈر 13لاہور ڈویژن ہاکی لیگ کا انعقاد خوش آئند ہے، اس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، ہاکی کے سیٹ اپ سے متاثر ہوا ہوں، کھلاڑیوں کو اچھی تربیت دی جارہی ہے، خواجہ جنید،سپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی اکیڈمی ہاکی کے فروغ کے بہترین کام کررہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں آکر بہت خوشی ہوئی ہے کیونکہ ہالینڈ نے 1990ء کا ہاکی ورلڈ کپ اسی سٹیڈیم میں جیتا تھا،کمشنر لاہور ڈویژن کیپٹن (ر)محمد عثمان اور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے وئوٹر پلومپ کو سوینئرز پیش کئے۔