Live Updates

کراچی نے لاڑکانہ کو شکست دیکر چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب سندھ ہاکی چیمپئن شپ کی ٹرافی اپنے نام کرلی

بدھ 6 جولائی 2022 23:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2022ء) چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب سندھ ہاکی چیمپئن شپ کا فائنل یوتھ کلب کراچی اور سندھ کلب لاڑکانہ کے درمیان کھیلا گیا، خیرپور میں کھیلے گئے فائنل میں کراچی نے لاڑکانہ کو کھیل کے تمام شعبوں میں بے بس کر کے فائنل ایک کے مقابلے میں چھ گول سے جیت لیا، فاتح ٹیم کے علی آفریدی، عثمان اشرف نے دو دو جبکہ نعمان خان اور حارث نصیر نے ایک ایک گول اسکور کیا، سندھ کلب کا واحد گول عبیداللہ بھٹو نے کیا، جیت کے بعدکھلاڑیوں نے یوتھ کلب کے کوچ ارشاد حیدر کو کندھوں پر اٹھا کر جشن منایا، کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ہماری کامیابی میں کوچ کا کردار بہت اہم ہے، کوچ نے جس طرح ہمیں سپورٹ کیا اور ہماری خامیوں پر قابو پانے کے لئے ہم پر محنت کی وہ قابل ستائش ہے، یوتھ ہاکی کلب کے سیکریٹری مصطفی جمال نے کلینڈر ایئر میں تیسری کامیابی کھلاڑیوں اور کوچ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کے نام سے منسوب چیمپئن شپ کے سخت مراحل طے کرنا آسان نہیں تھا تاہم کراچی نے ثابت کردیا کہ" وی آر دی بیسٹ" مصطفی جمال نے شاندار کامیابی پر یوتھ عید قرباں کھلاڑیوں کے ساتھ منانے اور کھلاڑیوں کے لئے ایک بیل کی قربانی کا اعلان کردیا،ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق شکست کے باوجود لاڑکانہ نے کراچی کے ساتھ فائنل رانڈ کا ٹکٹ حاصل کرلیا، چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب کا فائنل راونڈ بین الصوبائی چیمپیئن شپ کے نام سے رواں ماہ عید الاضحی کے بعد لاہور میں شیڈول ہے۔

Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات