پرویزالٰہی، ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی اور حسین الٰہی سے تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کی وفد کے ہمراہ ملاقات

حمزہ شہباز نے سپریم کورٹ کے سامنے کیا عہد توڑ دیا، شکست کو دیکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے سرکاری وسائل کا رخ ضمنی حلقوں کی طرف کر دیا ‘پرویزالٰہی

بدھ 6 جولائی 2022 23:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2022ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی اور حسین الٰہی سے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے وفد کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں سابق وفاقی وزیر ریاض فتیانہ، اپوزیشن لیڈر محمد سبطین خان، سابق صوبائی وزیر محمود الرشید اور محمد علی اکبر خان شامل تھے۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت پنجاب کے ضمنی اور وزیر اعلیٰ کے الیکشن کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب میں ضمنی انتخابات میں حکومت پنجاب کی مداخلت پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حمزہ شہباز نے سپریم کورٹ کے سامنے کیا عہد توڑ دیا، سپریم کورٹ پنجاب حکومت کی ضمنی انتخابات میں مداخلت کا نوٹس لے اور حمزہ شہباز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شکست کو دیکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے سرکاری وسائل کا رخ ضمنی حلقوں کی طرف کر دیا ہے، حمزہ شہباز کے حکم پر ترقیاتی ادارے اور پولیس انتخابی عمل میں بدترین مداخلت کر رہی ہے، حمزہ شہباز کو مرکز سے سپورٹ کی جا رہی ہے، باپ بیٹا مل کر پنجاب پر غیر قانونی قبضہ کرنا چاہتے ہیں، ترقیاتی کام اور سرکاری وسائل کا ضمنی انتخاب کے حلقوں میں استعمال ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر کے حکومت پنجاب بدترین دھاندلی کی مرتکب ہورہی ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہر حلقے کا سروے اور خلق خدا کی آواز پی ٹی آئی امیدواروں کے حق میں ہے۔ سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری بار بار پارٹی لائن کراس کررہے ہیں اور ن لیگ کی ہر پارٹی میٹنگ میں بیٹھے نظر آتے ہیں، پنجاب حکومت پری پول دھاندلی کی مرتکب ہورہی ہے، الیکشن کمیشن کو مسلسل پنجاب حکومت کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کررہے ہیں، الیکشن کمیشن تعصب کا مظاہرہ کر رہا ہے، الیکشن کمیشن پنجاب حکومت کے خلاف کب کارروائی کرے گا۔