وزیراعظم شہباز شریف ،وزیراعلی حمزہ شہباز نے عید الاضحی کی نماز جاتی امرا ء رائے ونڈ میں ادا کی

کارکنوں سے عید ملے ، عزیز و اقارب کی قبروں پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی ، سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات

منگل 12 جولائی 2022 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2022ء) وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے عید الاضحی کی نماز جاتی امرا ء رائے ونڈ میں ادا کی ۔نماز عید کے بعد دونوں رہنمائوں نے ملکی سلامتی و معاشی استحکام کے لئے دعائیں مانگیں ۔پارٹی رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

نماز کی ادائیگی کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے عید بھی ملے ۔

بعد ازاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے میاں محمد شریف ، بیگم شمیم اختر ،میاں عباس شریف اوربیگم کلثوم نواز کی قبروں پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی بھی کی۔وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی رائے ونڈ آمد کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔