Live Updates

چیف جسٹس پاکستان نے عمران خان کی نیب ترامیم کے خلاف درخواست پر خصوصی بینچ تشکیل دے دیا

3 رکنی خصوصی بینچ 19 جولائی کو عمران خان کی درخواست پر سماعت کرے گا،جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ بھی بینچ میں شامل

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 15 جولائی 2022 16:50

چیف جسٹس پاکستان نے عمران خان کی نیب ترامیم کے خلاف درخواست پر خصوصی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 جولائی 2022ء ) چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نیب ترامیم کے خلاف درخواست پر خصوصی بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔چیف جسٹس پاکستان نے خصوصی درخواست پر بینچ تشکیل دیا۔عمران خان نے نیب ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ بھی بینچ میں شامل ہیں۔ 3 رکنی خصوصی بینچ 19 جولائی کو عمران خان کی درخواست پر سماعت کرے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے قومی احتساب (نیب) آرڈیننس میں موجودہ مخلوط حکومت کی حال ہی میں کی گئی ترامیم کو چیلنج کرنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیاتھا۔پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں سابق وزیراعظم نے سیکریٹری قانون و انصاف ڈویژن کے ذریعے فیڈریشن آف پاکستان اور چیئرمین کے ذریعے نیب کو کیس میں مدعا علیہ نامزد کیا ،خواجہ حارث کے توسط سے دائر نیب ترامیم کیخلاف آرٹیکل 184/3 کی درخواست تیار کی گئی ہے، درخواست میں وفاق اور نیب کو فریق بنایا گیا۔

(جاری ہے)

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ نیب قانون کے سیکشن 2،4،5، 6،25، 26 14،15، 21، 23 میں کی ترامیم بھی آئین کے منافی ہیں۔ درخواست میں کہا گیا کہ نیب قانون میں یہ ترامیم آئین کے آرٹیکل 9، 14، 19ای, 24, 25 کے بنیادی حقوق کے برعکس ہیں۔درخواست چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نیب قانون میں کی گئی ان تمام ترامیم کو کالعدم قرار دیا جائے۔

نیب (دوسری ترمیم) بل 2021 میں کہا گیا ہے کہ نیب کا ڈپٹی چیئرمین، جو وفاقی حکومت کی جانب سے مقرر کیا جائیگا، چیئرمین کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد بیورو کا قائم مقام چیئرمین بن جائے گا،بل میں چیئرمین نیب اور بیورو کے پروسیکیوٹر جنرل کی 4 سال کی مدت بھی کم کر کے 3 سال کر دی گئی ہے،قانون کی منظوری کے بعد نیب وفاقی، صوبائی یا مقامی ٹیکس کے معاملات پر کارروائی نہیں کر سکے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات