ایس ایس ڈی او نے انسانی سوداگری اور جبری مشقت کے متاثرین کو مفت قانونی مدد فراہم کے لیے ہیلپ لائن کا اجراء کر دیا

جمعہ 15 جولائی 2022 23:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2022ء) غیرسرکاری تنظیم سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او )نے جمعہ کو یہاں ایک ہیلپ لائن "0333-1110566" کا آغاز کر دیا جو انسانی سوداگری اور جبری مشقت کے متاثرین کو مفت قانونی امداد فراہم کرے گی اور ان سے رابطے کے ایک اہم ذریعہ کے طور پر کام کرے گی۔ ایس ایس ڈی او نے بیرسٹر عبدالسلیم لاء فرم کے تعاون سے اس ہیلپ لائن کو شروع کیا ہے ۔

یہ ملکی سطح پر اس مسئلے کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہےاور اس کے ساتھ ساتھ عام لوگوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے معلومات کا ذریعہ بھی ہے۔ یہ ہیلپ لائن ممکنہ متاثرین خاص طور پر ان کمیونٹیز کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی جن میں مجموعی طور پر انسانی سوداگری کا تناسب زیادہ ہے ان میں پاکستان میں اینٹوں کے بھٹے اور زرعی فارمز پر کام کرنے والے جبری مزدور اورجنسی مقاصدکے لیے انسانی سوداگری دونوں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

متاثرین یا ان کے لواحقین اس ہیلپ لائن پر شکایت درج کرا سکتے ہیں جس پر ماہر وکلاء کی ٹیم مزید کارروائی کرے گی جو متاثرین کو مفت قانونی مدد اور مدد فراہم کرے گی۔ کام کے دنوں میں روزانہ صبح 9.00 بجے سے شام 6.00 بجے تک ہیلپ لائن تک مفت رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ہیلپ لائن کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس ڈی او کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس نے کہا کہ یہ ہیلپ لائن اس بات کو یقینی بنانے کا ایک طریقہ ہے کہ انسانی سوداگری اور جبری مزدوری کے متاثرین کی صحیح طریقے سے شناخت کی جائے اور مدد اور تحفظ کے لیے متعلقہ اداروں کو بھیجا جائے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جسے انسانی سوداگری کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس گھناؤنے جرم کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کرنے اور حکومت، میڈیا، اکیڈمی اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کے لیے ایس ایس ڈی او ایک پروجیکٹ چلا رہا ہے تاکہ اس مسئلے کو اٹھانے اور اس پر قابو پانے کے لیے مل کر کام کیا جائے ۔ عبدالسلیم لاء فرم کی ڈائریکٹر بیرسٹر شیزا قریشی نے اس مقصد کے لیے ایس ایس ڈی او کے ساتھ اشتراک عمل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا حصہ بننا ہمارے لیے اعزازکی بات ہے۔ انسانی سمگلنگ ایک گھناؤنا جرم ہے اور ہماری فرم غریب اور نادار متاثرین کی مدد کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

متعلقہ عنوان :