ٌسیدناحضرت عثمان غنی کی پاکیزہ زندگی عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے، علامہ امداد اللہ قادری

پیر 18 جولائی 2022 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2022ء) منہاج القرآن علما کونسل کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں دین اسلام کے تیسرے خلیفہ داماد رسول ؓحضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے یوم شہادت کے موقع پرفکری نشست کا اہتمام کیا گیا۔صدر منہاج القرآن علما کونسل علامہ امداد اللہ قادری،مرکزی ناظم منہاج القرآن علما کونسل علامہ میر آصف اکبر قادری سمیت علما،مشائخ،علمی شخصیات اور منہاج القرآن علما کونسل کے عہدیداران نے فکری نشست میں شرکت کی۔

علامہ امداد اللہ قادری نے فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام کے تیسرے خلیفہ وداماد رسولﷺحضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے طرز حکومت میں عصر حاضر کے حکمرانوں کیلئے بے شمار رہنمائی ملتی ہے۔حضرت عثما ن غنی رضی اللہ عنہ نے اپنے نظام حکومت میں اسلامی شریعت کو فوقیت دی اور ہمیشہ کوشش کی کہ ہر شعبہ حیات میں قرآن و سنت کی تعلیمات کو عملی شکل میں پیش کیا جائے، اسلامی تعلیمات و احکامات کاا طلاق سب سے پہلے حاکم وقت پر ہوتا ہے پھر دیگر حکومتی عہدیداران پر ہوتا ہے کہ تاکہ ان اعلی حکام کی سیرت اور قوانین کی پاسداری کا عمل رعایا کیلئے مشعل راہ بنے اور وہ بھی ان قوانین کی پاسداری کریں۔

(جاری ہے)

خلیفہ سوم حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کا دور حکومت خلافت راشدہ کے باقی عظیم حکمرانوں کی طرح رہبر و رہنما ہے، حکمران ریاستی اصولوں، ترجیحات کے تعین اور عدل و انصاف کی فراہمی میں عہد عثمان رضی اللہ عنہ سے رہنمائی لیں۔انہوں نے کہا کہ پیکرحیا، امیر المومنین سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی پاکیزہ زندگی کا ہر پہلو ناصرف مسلمانوں بلکہ عالم انسانیت کے لیے بھی مشعل راہ ہے۔

سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ نے اگرچہ مشکل ترین حالات میں خلافت کی ذمہ داری سنبھالی، تاہم آپ رضی اللہ عنہ کی فہم و فراست اور بہتر حکمت عملی کی بدولت اسلام کو خوب ترقی اور تقویت ملی۔ سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کا مال و دولت ہمیشہ انسانیت کی فلاح و بہبود اور مسلمانوں کی ضروریات کی تکمیل پر خرچ ہوا۔ سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ نے ہمیشہ مشکل حالات میں مسلمانوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کی اور ان کی ضروریات کو پورا کیا، ٹھنڈے، میٹھے پانی کے کنویں وقف کیے، غزوات میں اسلحہ، سواریاں اور راشن مہیا کیا، زمین خرید کر مسجد نبوی کی توسیع کرنا حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی امتیازی شان ہے۔

ناظم منہاج القرآن علما کونسل علامہ میر آصف اکبر قادری نے کہا کہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ وہ خوش نصیب ہستی ہیں جن کے عقد میں رسول اکرمﷺ کی دو بیٹیاں آئی ہیں، اسی لئے آپ کو ذوالنورین بھی پکارا جاتا ہے۔ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کا طرز حکومت ایک مثالی ؔ طرز حکومت ہے جو تا قیامت آنے والے حکمرانوں کو اصول حکومت مہیا کرتے رہے گا۔

حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ اپنی صفات میں امت کیلئے رہبر و رہنما ہیں آپکی زندگی کا جس جہت سے بھی مطالعہ کیا جائے وہی جہت امت کیلئے بہترین نمونہ ہے۔ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ نے اپنے دور حکومت میں اپنے گورنروں اور سپہ سالاروں اور خراج وصول کرنے والوں کو خطوط لکھے جن میں واضح پیغام دیا کہ صرف ٹیکس وصول کرنے والے نہ بنیں بلکہ رفاع عامہ کے کاموں میں مصروف عمل بھی رہیں۔

انہوں نے کہا کہ احادیث مبارکہ کی روشنی میں سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے فضائل و مناقب کے حوالے سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتاب روض الجنان فی مناقب عثمان بن عفان میں حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی جامع صفات کا تذکرہ مستند احادیث مبارکہ کی روشنی میں کیا گیا ہے۔اس کتاب میں سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے لقبذوالنورین کی خصوصیت کا بیان اور حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کیلئے جنت میں حضور نبی اکرم ﷺ کی رفاقت کی بشارت کے ساتھ ساتھ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی جود و سخا کو بھی بیان کیا گیا ہے۔

سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی سیرت،تعلیمات اور فضائل و مناقب کے حوالے سے یہ کتاب اہل علم کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے۔ فکری نشست میں علامہ محمد اشفاق چشتی،علامہ مفتی خلیل حنفی، علامہ عثمان سیالوی، علامہ فاروق الحسن،علامہ سید خورشید الحسن شاہ،علامہ ابوبکر چشتی، علامہ محمد لطیف مدنی و دیگر بھی موجود تھے۔