برطانوی شہزادے ہیری کی اقوامِ متحدہ میں عالمی رہنمائوں پر تنقید

عالمی رہنماء جمہوریت، آزادی پر ہونیوالے حملوں ،دنیا میں درپیش بہت سے بحرانوں کے ذمہ دار ہیں، ڈیوک آف سسیکس

منگل 19 جولائی 2022 16:25

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2022ء) برطانوی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنیوالے شہزادہ ہیری نے عالمی رہنمائوں کو جمہوریت ،آزادی پر ہونیوالے حملوں کا ذمے دار ٹھہراتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنیوالے شہزادہ ہیری نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے عالمی رہنمائوں کو جمہوریت اور آزادی پر ہونے والے حملوں کا ذمے دار ٹھہراتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ڈیوک آف سسیکس نے عظیم عالمی رہنماء نیلسن منڈیلا کی زندگی کی یاد میں منعقد کی گئی میٹنگ سے نیویارک میں خطاب کرتے ہوئے سابق جنوبی افریقی رہنماء کی زندگی کی عکاسی کرتے ہوئے اپنے پاس موجود ایک قیمتی تصویر کے بارے میں بتایا جو انہوں نے اب بھی اپنے پاس رکھی ہوئی ہے، کیونکہ نیلسن مینڈیلا کی وہ تصویر ان کی مرحوم والدہ شہزادی ڈیانا کے ہمراہ لی گئی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی رہنمائوں کو اس وقت دنیا بھر میں درپیش بہت سے بحرانوں کی وجہ سے سخت تنقیدکا نشانہ بنایا۔شہزادہ ہیری نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے غیر ذمے دارانہ رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم آج یہاں بیٹھے ہیں، ہماری دنیا میں آگ لگی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک عالمی وبا کورونا وائرس سے گزر رہے ہیں جو دنیا کے ہر کونے میں مختلف برادریوں کو تباہ کر رہی ہے، موسمیاتی تبدیلی ہمارے سیارے پر تباہی مچا رہی ہے، جو سب سے زیادہ نقصان دہ ہے۔

شہزادہ ہیری نے پیوٹن کے یوکرین پر حملے اور امریکی سپریم کورٹ کے حالیہ ایک فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں خوفناک جنگ سے لے کر یہاں امریکا میں آئینی حقوق کے محدود ہونے تک، ہم جمہوریت اور آزادی پر عالمی سطح پرحملے ہوتے دیکھ رہے ہیں اوراس سب سے لڑنا ہی منڈیلا کی زندگی کا مقصد تھا۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ تاریخ میں یہ اکثر ہوتا آیا ہے، بعض امیر ترین ممالک میں کچھ طاقتور ترین لوگوں کے اقدامات کے نتائج برِاعظم افریقہ میں اور بھی زیادہ بری طرح اثر انداز ہو رہے ہیں۔