Live Updates

وزیراعلیٰ کے الیکشن میں حاضری یقینی بنانے کیلئے حکومتی اتحاد کی حکمت عملی سامنے آگئی

حکومتی اتحاد نے 10 اراکین پر مشتمل 18 گروپس بنا کر ہر گروپ کا ایک ہیڈ بھی مقرر کر دیا ‘ اراکین کی حاضری چیک کرنے کے لیے ن لیگ نے کارکنوں کی ہوٹل لابیز میں ڈیوٹی لگا دی۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 22 جولائی 2022 11:19

وزیراعلیٰ کے الیکشن میں حاضری یقینی بنانے کیلئے حکومتی اتحاد کی حکمت ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 جولائی 2022ء ) وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن میں اراکین صوبائی اسمبلی کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے حکومتی اتحاد کی حکمت عملی سامنے آگئی۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ حکومتی اتحاد نے 10 اراکین پر مشتمل 18 گروپس بنا کر ہر گروپ کا ایک ہیڈ بھی مقرر کر دیا ہے ، گروپ ہیڈ کو اراکین کی حاضری ، پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شرکت اور بروقت اسمبلی روانگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ اراکین کی حاضری چیک کرنے کے لیے ن لیگ نے کارکنوں کی ہوٹل لابیز میں ڈیوٹی لگا دی گئی۔

معلوم ہوا ہے کہ حکومتی اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس دوپہر ایک بجے لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں ہوگا، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اراکین کو حاضری 100 فیصد یقینی بنانے کا کہا گیا ہے ، اراکین کو مخالف اتحاد سے رابطوں سے بچانے کیلئے موبائل فون کا استعمال محدود کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی، راہ حق پارٹی اور آزاد ارکان پنجاب اسمبلی لاہور کے نجی ہوٹل میں قیام پذیر ہیں ، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز دوپہر 12 بجے لا ہورکے نجی ہوٹل پہنچیں گے، جہاں حمزہ شہباز حکومتی اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد حکومتی اتحاد ی اراکین پنجاب اسمبلی روانہ ہوں گے، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز بھی بس میں اراکین کے ساتھ ہی سفر کریں گے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آج ہوگا جہاں ضمنی الیکشن میں کامیابی کے بعد تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 178 ہوگئی ہے جب کہ اس کے اتحادی مسلم لیگ ق کے پاس 10 ارکان ہیں ، دونوں جماعتوں کے مجموعی طور پر 188 ارکان ہیں جب کہ 4 نشستیں جیتنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی تعداد 168 ہوگئی اور اس کے اتحایوں میں پیپلز پارٹی کے 7 ارکان، ایک رکن راہِ حق پارٹی اور تین آزاد ارکان شامل ہیں، یوں حمزہ شہباز کو 179 ارکان کی حمایت حاصل ہے، 17 جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوا جب کہ آزاد رکن پنجاب اسمبلی چوہدری نثار غیر فعال ہیں، پنجاب اسمبلی کے 371 کے ایوان میں (ن) لیگ کے 2 ارکان کے استعفوں کے بعد اس وقت بھی 2 نشستیں خالی ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات