Live Updates

کورونا کیسز میں اضافہ‘ محرم الحرام کے حوالے سے گائیڈ لائنز جاری

کھلی اور ہوادار جگہوں پر مجالس کی جائیں اور ڈسپوزیبل برتنوں میں نیاز تقسیم کی جائے۔ این سی او سی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 22 جولائی 2022 13:25

کورونا کیسز میں اضافہ‘ محرم الحرام کے حوالے سے گائیڈ لائنز جاری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 جولائی 2022ء ) ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث محرم الحرام کے حوالے سے گائیڈ لائنز جاری کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئی ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ مجالس کے دوران کورونا ایس او پیز پر سختی سےعمل کیا جائے ، کھلی اور ہوادار جگہوں پر مجالس کی جائیں اور ڈسپوزیبل برتنوں میں نیاز تقسیم کی جائے۔

این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ مجالس کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے، مجالس اور عزاداری کے جلوس کے داخلی دروازوں پر ماسک اور سنیٹائزر کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد 600 سے زائد رہی ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 7 افراد جاں بحق ہوئے ، ملک میں اب تک کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہزار 462 ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مزید 679 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 49 ہزار 73 ہوچکی ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 23 ہزار 35 ٹیسٹ کیے گئے، مثبت کیسز کی شرح 2.95 فیصد ہوچکی ہے ، کرونا وائرس کے 166 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ چند روز قبل مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی طبیعت ناساز ہونے پر کرونا ٹیسٹ کروایا گیا تو ان کی رپورٹ بھی مثبت آئی جس پر مریم نواز نے خود کو قرنطینہ کر لیا ، مریم نواز کے پولیٹیکل سیکرٹری ذیشان ملک نے کہا کہ مریم نوازنے عوام سے اپنی جلد صحتیابی کیلئے دعا ؤں کی درخواست ہے۔

اسی حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کا بیان بھی سامنے آیا ، انہوں نے کہا کہ یہ سن کر دکھ ہوا کہ مریم بیٹی اور کیپٹن صفدر میں کووڈ کی تشخیص ہوئی ، میری دلی دعائیں اور نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں ، دونوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گوہ ہوں، دعا ہے گڑیا اور صفدر جلد صحت یاب ہو جائیں۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات