Live Updates

یہ وہی فیصلہ ہے جس پر تحریک انصاف نے بھنگڑے ڈالے،پرویز رشید

عمران خان کے حمایتیوں نے احتجاج کرنا ہے تو اپنے مشیروں کیخلاف کرے،رہنماء مسلم لیگ ن

Abdul Jabbar عبدالجبار ہفتہ 23 جولائی 2022 12:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 جولائی2022ء) مسلم لیگ ن کے سنیئر رہنما پرویز رشید کا کہنا ہے کہ یہ وہی فیصلہ ہے جس پر عمران خان کے حمایتیوں نے بھنگڑے ڈالےتھے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب پر تحریک انصاف کے احتجاج پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمرانیوں نے احتجاج کرنا ہے تو اپنے ان قانونی مشیروں کے خلاف کریں جن کے سپریم کورٹ سے حاصل کردہ فیصلے کو ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی نے صرف دہرایا ہے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ یہ وہی فیصلہ ہے جس پر عمرانیوں نے بھنگڑے،لڈیاں ڈالیں اور لڈو بھی بانٹے تھے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ن لیگ کے امیدوار حمزہ شہباز دوبارہ وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے،جبکہ چوہدری پرویز الہیٰ کو ایک بار پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے نتیجے کا اعلان کرنے سے پہلے چوہدری شجاعت کا خط ایوان میں پڑھ کر سنایا،جس کی بنیاد پر مسلم لیگ (ق) کے کاسٹ کیے گئے تمام 10 ووٹ منسوخ کردیے تھے ۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے ووٹنگ ہوئی جس میں حمزہ شہباز نے اکثریت حاصل کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز تاخیر سے شام 7 بجے شروع ہوا جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے ووٹنگ کا عمل شروع کرایا۔ ووٹنگ کے نتیجے کے مطابق تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار پرویز الہیٰ نے 186 ووٹ لیے جبکہ مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز نے 179 ووٹ لیے۔

ادھر ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کیخلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پی ٹی آئی اور ق لیگ کی دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) نے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کی رولنگ کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے چوہدری پرویز الہیٰ کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے کہ پارٹی سربراہ پارلیمانی پارٹی کی ڈائریکشن کی خلاف ورزی پر رپورٹ کرسکتا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات