Live Updates

پی ٹی آئی نے اپنی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے دوران ہمیشہ گڈ گورننس، میرٹ کی بالادستی اور قیام امن پر فوکس کیا،ریاض خان

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے حالیہ ضمنی انتخابات میں ہمارے امیدواروں کی شاندار کامیابی ہماری جماعت پر زبردست عوامی اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے،مشیربرائے مواصلات وتعمیرات

ہفتہ 23 جولائی 2022 22:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2022ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات ریاض خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے دوران ہمیشہ گڈ گورننس، میرٹ کی بالادستی، اداروں کے استحکام اور پائیدار قیام امن پر فوکس کیا جو ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہیں یہی وجہ ہے کہ ہر سطح پر ہماری حکومت کو عوامی پذیرائی ملی حالانکہ دوسری جماعتوں کے حکمرانوں کو عوام بد دعائیں دیتے اور انکی رخصتی پر مٹھائیاں بانٹتے رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بائی کلی میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کئی اہم سیاسی خاندانوں نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی مشیر وزیر اعلیٰ برائے مواصلات و تعمیرات ریاض خان نے نئے شامل ہونے والوں کو پاکستان تحریک انصاف میں خوش آمدید کہا اور پارٹی کی ٹوپیاں پہنائیں۔

(جاری ہے)

شمولیتی تقریب سے سابقہ امیدوار این اے 9 بونیر کامران نے بھی خطاب کیا۔

مشیر وزیر اعلیٰ ریاض خان نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے حالیہ ضمنی انتخابات میں ہمارے امیدواروں کی شاندار کامیابی ہماری جماعت پر زبردست عوامی اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے پنجاب سے نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی کو تہہ دل سے مبارکباد دی اور دعویٰ کیا کہ اب سندھ کی باری ہے جہاں ہمارے انتخابی امیدوار کامیابیوں کے جھنڈے گاڑنے کیلئے تیار بیٹھے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 2013ء میں یہاں صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو یہاں دہشت گردی اور بدامنی کا راج تھا اور سابقہ حکمران و سیاستدان عوام کے پاس جانے اور جلسے جلوس نکالنے سے بھی ڈرتے تھے مگر ہم نے پہلے امن قائم کیا اور پھر اداروں سے کرپشن اور اقربا پروری کا خاتمہ کرکے انہیں عوام کے سامنے جوابدہ بنایا تو صوبے کی تاریخ میں پہلی بار یہاں دوبارہ ہماری صوبائی حکومت بنی اور وہ بھی دو تہائی اکثریت کے ساتھ جبکہ 2018ء میں وفاق میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت برسرِ اقتدار آئی تو زیادہ پائیدار امن قائم کیا، ڈرون حملوں اور غیر ملکی مداخلت کا مکمل سدباب کیا اور آزاد خارجہ پالیسی کی داغ بیل ڈالی جسکی بدولت پہلی بار پاکستانی قوم اور پاسپورٹ کی عزت ہونے لگی۔

پاکستان کے اندر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کرکے مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست کی راہ اپنائی گئی جبکہ وزیراعظم عمران خان نے ناموسِ رسالت اور اسلامو فوبیا پر پورے عالم اسلام کی ترجمانی کی۔ اس کے برعکس امریکی سازش سے امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی تو مہنگائی کے نام پر قائم جرائم پیشہ گروہوں کی اس حکومت نے صرف دو مہینوں میں مہنگائی اور بیروزگاری آسمانوں پر پہنچا کر عوام کا کچومر نکال دیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ قومی اور سیاسی بحران کا واحد حل فوری اور شفاف عام انتخابات ہیں جس کیلئے ہمارے پارٹی چیئرمین عمران خان نے تحریک کا آغاز کر دیا ہے انشاء اللہ پاکستان میں عنقریب مدینہ کی فلاحی ریاست کا احیاء ہو گا جس کے ساتھ ہی عوام کی تمام مشکلات اور محرومیوں کا بھی خاتمہ ہو جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات