ڈائریکٹرانٹی انکروجمنٹ سائوتھ کے فرنٹ مین اور ان کے پرائیویٹ بیٹرز کی مفت خوری اور بھتہ خوری کی انتہا

صدر،برنس روڈ، جوبلی، اردوبازار، پریڈی اسٹریٹ ،کھارادر،رنچھوڑلائن میں ہوٹلز اور چائے و ریفریشمنٹ کا کاروبار چلانا مشکل

اتوار 24 جولائی 2022 20:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2022ء) کراچی ہوٹلز ریسٹورنٹس کیفے ویلفیئر ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ صدر، برنس روڈ، کھارادر، نانکواڑہ، جوبلی، پریڈی پر ہوٹل چلانا محال ہوگیا ہے۔ ڈائریکٹر اینٹی انکروجمنٹ سائوتھ کے فرنٹ مین نام نہاد جعلی اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہ نواز شانی اور ان کے پرائیویٹ بیٹرز خرم شاہ جی،ارشد ففٹی،وسیم ماربل، انکیبھائی فیصل نے روزانہ کی بنیاد پر اپنے گھروں، دفتروں اور افسران کی فرمائشیں پوری کرنے کیلئے ہوٹلوں سے مفت کھانا لے جانے اور ہفتہ وار بھتہ خوری کی انتہا کردی ہے۔

جس سے اب کھانے پینے، چائے ریفریشمنٹ کا کام چلانا مشکل ہوگیا ہے۔ اعلیٰ حکام کو کی گئی شکایات انہی افراد کیی پاس پہنچتی ہیں اور پھر یہ لوگ ہوٹلوں کے اندر سے بھی کرسیاں، ٹیبلیں، برتن، چولہے وغیرہ اٹھاکر لے جاتے ہیں اور بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد سامان واپس کرتے ہیں جس سے کاروبار متاثر ہورہا ہے جبکہ لاتعداد چائے، سموسے اور دیگر لوازمات بھی روزانہ کی بنیاد پر منگوائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

پورے سائوتھ کو ڈائریکٹر نے شاہ نواز شانی کو ٹھیکے پر دے دیا ہے جو کہ اپنے پرائیویٹ بیٹرز اور اپنے بھائی فیصل کے توسط سے سائوتھ کو چلارہے ہیں۔ ڈائریکٹر اینٹی انکروجمنٹ آغا خلیق تاحال اپنا ریکارڈ پیش نہ کرسکنے کے باعث اپنی تنخواہ سائوتھ سے وصول نہیں کرسکیں۔ میونسپل کمشنر سائوتھ کو بلیک میل کرکے اینٹی انکروچمنٹ کے تمام اختیارات ٹرانسفر پوسٹنگ تک استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر سائوتھ سے شاہ نواز شانی اور ان کی پوری ٹیم کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔